ایڈوانس ڈپلومیٹک کورس فار فارن ڈپلومیٹس کے شرکاء کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر اور موجودہ صورت حال پر تفصیلی بریفنگ

جمعرات 22 مارچ 2018 20:43

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2018ء) سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل محمد ادریس عباسی نے گزشتہ روز 26ویں ایڈوانس ڈپلومیٹک کورس فار فارن ڈپلومیٹس کے شرکاء کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر اور موجودہ صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل محمد ادریس عباسی نے وفد کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی اورسلائیڈز کے ذریعے بھارتی مظالم کی عملی تصاویر سے وفد کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نشانہ بننے والے پیلٹ متاثرین کے حوالہ سے خصوصی ڈاکو منٹری بھی دکھائی گئی۔انہوں نے وفد کو بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے ظم وستم و بربریت کے باوجودکشمیریوںکے حوصلے بلند ہیں،جب تک کشمیریوںکو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت نہیں ملتا اس وقت تک جنوبی ایشیاء میں امن قائم نہیں ہوسکتا،مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان بھرپور طریقے سے کشمیریوں کی وکالت کر رہا ہے ،دنیا بھر میںپاکستان کشمیریوں کیلئے آواز بلند کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وفد کو بتایا کہ بھارت نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو سلب کر رکھا ہے۔ مسئلہ کشمیر ڈیڑھ کروڑ سے زائد کشمیریوں کے بنیادی حق، حق خودارادیت کا مسئلہ ہے۔ انہوںنے بتایا کہ انسانی حقوق کے عالمی چارٹر اور بین الاقوامی قوانین میں کشمیریوں کو حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کا حق دے رکھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست جموں وکشمیر کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں رہا ہے اور تقسیم برصغیر کے اصولوں کے مطابق ریاست جموں وکشمیر کو پاکستان کاحصہ ہونا تھا مگر بھارت نے اس پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے اور اس قبضہ کے خلاف کشمیری 1947ء سے لے کر آج تک جدوجہد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قومی تہوار پر کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کا مظاہر کرتا ہے،پاکستان عوام کے بھی ہم بے حد مشکور ہیں کہ وہ ہر جگہ پر کشمیریوں کی آواز میں آواز ملارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر لبریشن سیل مسئلہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال کی مانیٹرنگ اور سوشل میڈیا پر معلومات شیئر کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کے زیر اہتمام ہر ماہ کشمیر ٹوڈے میگزین کی اجرائیگی کی جاتی ہے جس میں دانشوروں،آرٹیکلز اورکشمیر کے حوالہ سے تازہ معلومات رسالے کا حصہ ہوتی ہیں۔

اس موقع پر شرکاء نے مختلف سوالات بھی کیے جن کے جوابات سیکرٹری لبریشن سیل ادریس عباسی نے دیئے۔بریفنگ کے اختتام پر سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل محمد ادریس عباسی نے ڈائریکٹر پروگرام فارن سروسز اکیڈمی اسلام آباد محمد شہباز کویادگاری شیلڈبھی دی۔