پاکستان جمہوری جدوجہد کے ذریعے وجود میں آیا، بقاء، سلامتی، یکجہتی، ترقی اور خوشحالی کا راز بھی جمہوریت میں ہی پوشیدہ ہے ،ْوزیر اعظم

آئین کی سربلندی اور قانون کی بالا دستی کویقینی بنائے بغیر آبرو مند نہیں ہوسکتے ،ْشاہد خاقان عباسی کا یوم پاکستان کے موقع پر پیغام

جمعرات 22 مارچ 2018 20:24

پاکستان جمہوری جدوجہد کے ذریعے وجود میں آیا، بقاء، سلامتی، یکجہتی، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک جمہوری جدوجہد کے ذریعے وجود میں آیا، اس کی بقاء، سلامتی، یکجہتی، ترقی اور خوشحالی کا راز بھی جمہوریت میں ہی پوشیدہ ہے، آئین کی سربلندی اور قانون کی بالا دستی کویقینی بنائے بغیر آبرو مند نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے یہ بات یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو (آج) جمعہ کو قومی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج کا دِن 78سال پہلے کے اس عظیم دِن کی یاد دلاتا ہے جب جنوبی ایشیا کے مسلمانوں نے غلامی کی زنجیریں کاٹنے اور ایک آزاد مسلم ریاست کے قیام کا پرُعزم فیصلہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہی کے دِن لاہور کے تاریخی اجلاس میں مسلم لیگ نے قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں وہ تاریخ ساز قرارداد منظور کی تھی جو بعد میں قرارداد پاکستان کے نام سے مشہور ہوئی۔

(جاری ہے)

اس قرارداد نے منزل کا واضح شعور دیا اور صرف 7سال بعد پاکستان وجود میں آگیا ۔ یہ وہ منزل تھی جس کا واضح تصور علامہ اقبال نے 1930ء میں پیش کیا تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ 23 مارچ 1940ء کا یادگار دن یوم پاکستان کے طور پر مناتے ہوئے ہمیں اپنے ماضی پر گہری نظر ڈال کر اپنے حال اور مستقبل کی صورت گری کے لئے غور و فکر کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی کامرانیوں کے ساتھ ساتھ اپنی کوتاہیوں کا جائزہ بھی لینا ہوگا۔

پاکستان ایک جمہوری جدوجہد کے ذریعے وجود میں آیا۔ اس کی بقاء، سلامتی، یکجہتی، ترقی اور خوشحالی کا راز بھی جمہوریت میں پوشیدہ ہے۔ آئین کی سربلندی اور قانون کی بالادستی کویقینی بنائے بغیر ہم آبرو مند نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ عہد کرنا چاہئے کہ وطن عزیز کی مضبوطی اور سربلندی کے لئے ہم ایک زندہ اور پر عزم قوم کے طور پر اقبال اور قائد کے افکار کو مشعلِ راہ بنائیں گے۔