پاکستان اور مصر کو دہشت گردی کے مسئلہ سمیت ایک جیسے چیلنجز کا سامنا رہا،

مفتی اعظم مصر کا دورہ پاکستان اور ان کی جانب سے پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے 1800 سے زائد علماء کرام کے دہشت گردی کے خلاف فتوے کی توثیق سے انتہاء پسند ذہنیت سے نبرد آزما ہونے کی کاوشوں کو مزید تقویت ملے گی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی مصر کے مفتی اعظم ڈاکٹر شوکی ابراہیم عبدالکریم سے گفتگو

جمعرات 22 مارچ 2018 20:20

پاکستان اور مصر کو دہشت گردی کے مسئلہ سمیت ایک جیسے چیلنجز کا سامنا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان اور مصر کو دہشت گردی کے مسئلہ سمیت ایک جیسے چیلنجز کا سامنا رہا، مفتی اعظم مصر کا دورہ پاکستان اور ان کی جانب سے پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے 1800 سے زائد علماء کرام کے دہشت گردی کے خلاف فتوے کی توثیق سے انتہاء پسند ذہنیت سے نبرد آزما ہونے کی کاوشوں کو مزید تقویت ملے گی۔

انہوں نے یہ بات مصر کے مفتی اعظم ڈاکٹر شوکی ابراہیم عبدالکریم سے جمعرات کو وزیراعظم آفس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وزیر مملکت پیر امین الحسنات شاہ اور مصر کے سفیر احمد محمد فضل یعقوبا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسلامی کاز کیلئے شاندار خدمات کے اعتراف میں پاکستان کی حکومت نے مفتی اعظم ڈاکٹر شوکی ابراہیم عبدالکریم کو ’’ہلال قائداعظم‘‘ کا اعزاز دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے مصر کے مفتی اعظم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورہ سے پاک۔مصر دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو وسعت حاصل ہو گی۔ انہوں نے جامعہ الازہر کی فکری اور تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اسلامی دنیا میں اعتدال کی آواز رہی ہے۔ وزیراعظم نے باہمی تعاون کو تقویت دینے اور علم و مہارت کے تبادلہ کیلئے دونوں ممالک کے درمیان طالب علموں اور مذہبی رہنمائوں کے دوروں کے تبادلوں سمیت تمام سطحوں پر وسیع تر رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔

مفتی اعظم ڈاکٹر شوکی ابراہیم عبدالکریم نے دورہ کے دوران حکومت پاکستان کی طرف سے پرجوش خیرمقدم اور مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ’’پیغام پاکستان‘‘ کے اقدام اور مذہبی رواداری کے فروغ کے بارے میں بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے دہشت گردی کی لعنت سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کے حوالہ سے ایک بھرپور پیغام جائے گا۔ انہوں نے مصر کی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستان کی حکومت اور عوام کیلئے نیک تمنائیں بھی پہنچائیں۔