پاک فضائیہ وطن عزیز کی فضائی سرحدوں کی نگہبان اور قوم کا فخر ہے، گورنر سندھ

دشمن کے عزائم خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، فضائیہ کی ترقی کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لارہے ہیں ،محمد زبیر ملکی دفاع ، سلامتی و ترقی کے لئے موجودہ حکومت اور تمام اسٹیک ہولڈرز ایک پیج پر ہیں، ایئر وائس مارشل محمد حسیب پراچہ سے ملاقات

جمعرات 22 مارچ 2018 18:05

پاک فضائیہ وطن عزیز کی فضائی سرحدوں کی نگہبان اور قوم کا فخر ہے، گورنر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر سے پاک فضائیہ کی سدرن ایئر کمان کے ایئر آفیسرکمانڈنگ ایئر وائس مارشل محمد حسیب پراچہ نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاک فضائیہ کی کارکردگی و صلاحیت اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ پاک فضائیہ وطن عزیز کی فضائی سرحدوں کی نگہبان اور قوم کا فخر ہے ، پاک فضائیہ دشمن کے عزائم خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ،جذبہ ایمانی سے سرشار پاک فضائیہ کے پائلٹس کو دنیا بھر میں ممتاز مقام حاصل ہے یہی جذبہ ایمانی ہماری نظریاتی سرحدوں کا محافظ بھی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع ، استحکام ، سلامتی اور ترقی کے لئے موجودہ حکومت اور تمام اسٹیک ہولڈرز ایک پیج پر ہیں جبکہ پوری قوم پر عزم ہے کہ پاک فضائیہ کو عہد حاضر کے مطابق مزید ترقی دینے کے لئے کوئی کسر نہ چھوڑی جائے ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں ایئر وائس مارشل محمد حسیب پراچہ نے گورنر سندھ کو پاک فضائیہ کی کارکردگی اور صلاحیتوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاک فضائیہ قوم کی امنگوں،خواہشات اور امیدوں پر پورا اترنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ،قوم کی بھرپورمدد اور تعاون پاک فضائیہ کا قیمتی اثاثہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مادر وطن کی فضائی حفاطت کے لئے پاک فضائیہ ہمہ وقت چوکس اور تیار ہیں ،وطن عزیز کی حفاظت کے لئے پاک فضائیہ ہر ممکن اقدامات یقینی بنا رہی ہے ۔