گورنر سندھ محمد زبیر سے گورنر ہائوس میں میئر کراچی وسیم اختر کی ملاقات

کراچی ترقیاتی پیکج ،ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت ، وفاق کی جانب سے فنڈز جاری کرنے سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تبادلہ خیال وفاق نے فنڈرز جاری کرنا شروع کردیئے ،ترقیاتی منصوبوں پر جلد کام شروع ہوگا۔گورنر سندھ ۔پیکج شہر کی ترقی میں اہم ثابت ہوگا ،ْ میئر کراچی

جمعرات 22 مارچ 2018 18:05

گورنر سندھ محمد زبیر سے گورنر ہائوس میں میئر کراچی وسیم اختر کی ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر سے گورنر ہائو س میں میئر کراچی وسیم اختر نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں کراچی ترقیاتی پیکج کے ضمن میں ہونے والی ہونے والی پیش رفت ، وفاق کی جانب سے فنڈز کے اجراء ، شہر کی تزئین و آرائش کے لئے تشکیل دیئے گئے منصوبے ، انفرااسٹرکچر اور سماجی شعبہ کی بحالی و ترقی سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی ترقیاتی پیکج کے تحت 25 ارب روپے کے مختص فنڈ کا اجراء کیا جا رہا ہے ، پیکج کے تحت تشکیل دیئے گئے ترقیاتی منصوبوں پر جلد کام شروع کردیا جائے گا، منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب، آمد ورفت ،صحت اور دیگر سماجی سہولیات حاصل ہونگی ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلانے کے وژن کے تحت بھرپور تعاون ، مدد اور معاونت فراہم کررہی ہے ، معیشت میں کلیدی کردار ادا کرنے والے شہر کو ترقی دینے سے ہی قومی معیشت مزید مستحکم اور خوشحالی کے اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں اس ضمن میں کراچی ترقیاتی پیکج میں تشکیل دیئے جانے والے ترقیاتی منصوبے اہم ثابت ہونگے ، منی پاکستان کہلانے والے کراچی میں تمام اکائیوں کے افراد قومی ترقی وخوشحالی میں زبردست خدمات انجا م دے رہے ہیں ،شہر کے مسائل کے حل ، حائل رکاوٹوں کے خاتمہ اور درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے وفاقی حکومت کے اقدامات انتہائی اہمیت کے حامل ہونگے ، معاشی شہ رگ کی ترقی و خوشحالی کے لئے وفاقی حکومت 75 ارب روپے کی خطیر رقم ترقیاتی کام کروارہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقتصادی حب کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلانے کے لئے شہر کے تمام اسٹیک ہولڈرز ایک پیج پر ہیں ہر ایک شہر کی ترقی و خوشحالی کے وژن کے مطابق کام کررہا ہے یہ خوش آئند جذبہ شہر کے وسیع تر مفاد میں اہم ثابت ہوگا، شہر کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں اس ضمن میں وفاق بھی بھرپور تعاون جاری رکھے گا ۔

انہوں نے کہا کہ قومی ترقی کی ضمانت شہر کے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بعد ہی کراچی ترقیاتی پیکج کے منصوبے تشکیل دیئے گئے ہیں اس ضمن میں ہر اسٹیک ہولڈر سے گورنر ہائوس میں مشاورتی اجلاس کا سلسلہ شروع کیا گیا اور ان سے شہر کے مسائل کے حل کے لئے تجاویز طلب کیں، مشاورت کا مقصد ترقیاتی منصوبوں میں زیادہ سے زیادہ افراد کی شمولیت کو یقینی بنانا مقصود تھا ۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کے تعاون سے جاری گرین لائن عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ اورآرام دہ منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے شہریوں کو جدید دور کی سہولیات حاصل ہونگی اس ضمن میں دیگر سفری منصوبوں پر بھی کام جاری ہے ۔ملاقات میں میئر کراچی وسیم اختر نے گورنر سندھ کو بتایا کہ میٹر وپولیٹن شہر کی ترقی و خوشحالی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اس ضمن میں وفاق کی جانب سے دیئے جانے والے کراچی ترقیاتی پیکج عوام کو سہولیات فراہم کرنے اور شہر کے مسائل کے خاتمہ میں اہم ثابت ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ترقیاتی پیکج کے تحت تشکیل دیئے جانے والے ترقیاتی منصوبوں میں سماجی شعبہ کی ترقی کو اہمیت حاصل ہے جبکہ صنعتی ، تجارتی اور کاروباری علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی پر بھی خصوصی توجہ بھی خو ش آئند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی مسائل کے باوجود شہریوں کی خدمت کے لئے پر عزم ہے ۔

متعلقہ عنوان :