بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے، پی ایس ایل کی کامیابی کا کریڈٹ پوری قوم کو جاتا ہے، نجم سیٹھی

جمعرات 22 مارچ 2018 17:56

بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے، پی ایس ایل ..
ْ اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے بین الاقوامی کرکٹ کو دوبارہ بحال کرنے کیلئے پاکستان میں بڑے اسٹیڈیمز کی حالت کو بہتر بنانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ گزشتہ روز پاکستان ٹیلی ویژن سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پشاور اور راولپنڈی سٹیڈیم کی حالت کو بہتر بنانے کے لیے بجٹ تیار کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور اور کراچی کے سٹیڈیمز کو مکمل اور مناسب طریقے سے کام کرنے کے قابل بنائے جانے کے لیے بھی کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ یہاں مقامی اور بین الاقوامی کرکٹ کا مناسب طریقے سے انعقاد کیا جا سکے۔ کراچی میں پی ایس ایل کے فائنل میچ کے انعقاد کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس سلسلے میں فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں پی ایس ایل کے میچز کے کامیاب انعقاد کا کریڈٹ پوری قوم کو جاتا ہے۔ چیرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان آ رہی ہے، روشنیوں کے شہر کراچی کے لوگ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے گواہ ہیں، میڈیا کے کچھ اداروں کی غلط رپورٹنگ پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ اس ضمن میں تعمیری کردار ادا کریں تاکہ پوری کامیابی سے پاکستان میں بین الاقوامی میچز کے انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پشاور، کوئٹہ، سندھ اور دیگر شہروں کے اسٹیڈیمز کو فعال بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات بھی کیے جائیں گے۔