ْپی اے آر سی اسپغول کی پیداوار بڑھانے کیلئے مؤثر حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے، ترجمان

جمعرات 22 مارچ 2018 17:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2018ء) پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل (پی اے آر سی) اسپغول کی پیداوار بڑھانے کیلئے مؤثر حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے۔ پی اے آر سی کے زرعی سائنسدانوں نے جدید مشین تیار کی ہے جس سے 400 کلوگرام اسپغول ایک گھنٹہ میں پراسس کیا جا سکتا ہے۔ اسپغول کے شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ سے تھر اور چولستان کے باسیوں کی آمدنی اور معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔

پی اے آر سی کے ترجمان نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ پی اے آر سی زرعی شعبہ کی بہتری اور تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسپغول کی پیداوار میں اضافہ کرکے نہ صرف درآمدات پر انحصار کو کم کیا جا سکے گا بلکہ ایک وقت آئے گا کہ پاکستان اسپغول برآمد کرنے کے بھی قابل ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے فروغ سے اسپغول کی پیداوار بڑھے گی اور مقامی تاجروں اور کسانوں کو بھی فائدہ ہو گا۔

انہوں نے بتایا کہ اسپغول کی پیداوار بڑھانے کیلئے اور مقامی سطح پر اسپغول کی مشینری کی تجارتی بنیادوں پر تیاری کیلئے فضل سنز گوجرانوالہ کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایم او یو سے نہ صرف مقامی سطح پر مشینری کی تیاری ممکن ہو سکے گی بلکہ اس سے پیداوار میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ اسپغول کی پیداوار بڑھنے سے درآمدات پر انحصار میں کمی آئے گی اور مقامی کسانوں اور تاجروں کی حوصلہ افزائی ہو گی۔