تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق معیشت کے لیے ملکر کام کرنا چاہیئے، پی آئی اے اور سٹیل ملز کی نجکاری ملکی مفاد میں ہے

وزیر مملکت طلال چوہدری کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعرات 22 مارچ 2018 17:47

تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق معیشت کے لیے ملکر کام کرنا چاہیئے، پی آئی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2018ء) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ میثاق جمہوریت کی طرح تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق معیشت کے لیے بھی مل بیٹھنا چاہیئے۔ گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میثاق معیشت وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اور سٹیل ملز کی نجکاری ملکی مفاد میں ہے کیونکہ ان غیر منافع بخش اداروں پر بہت بڑی رقم خرچ کی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اور پاکستان اسٹیل ملز کو بھاری رقم جاری کرنے کے باعث ملک میں ترقیاتی کام بھی متاثر ہوئے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ سیاسی عدم استحکام بھی ملکی معیشت کو متاثر کرنے کی ایک اہم وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی ملک بھی سیاسی استحکام کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ رائو انوار کی گرفتاری کے بعد افواہوں کو ختم ہو جانا چاہیئے۔ انہوں نے مذید کہا کہ پولیس مقابلوں کے حوالے سے وجوہات کی تحقیقات کی بھی اشد ضرورت ہے۔ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد ایک جھوٹے شخص ہیں جو مسلسل قومی اداروں کی توہین کر رہے ہیں۔