پختون جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے عام انتخابات کے نتائج کا اعلان کردیا گیا

طاہر خان صدر، گوہر محسود جنرل سیکریٹری، شہزاد یوسفزئی سیکریٹری فنانس اور محمد عمران پریس سیکرٹری منتخب قرار پائے

جمعرات 22 مارچ 2018 17:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2018ء) پختون جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے پہلے عام انتخابات کے لئے متفقہ طور پر تشکیل دی گئی پانچ رکنی الیکشن کمیٹی نے انتخابی عمل کی تکمیل اور نتائج کا اعلان کردیا ہے۔نتائج کے مطابق طاہر خان صدر، گوہر محسود جنرل سیکریٹری، شہزاد یوسفزئی سیکریٹری فنانس اور محمد عمران پریس سیکرٹری منتخب قرار پائے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد میں کام کرنے والے ساڑھے تین سو سے زائد پختون صحافیوں پر مشتمل پختون جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی عبوری کابینہ نے متفقہ طور پر راشدخٹک، احسان حقانی، نعیم اللہ یوسفزئے، داؤد خان اور احمد اللہ پر مشتمل الیکشن کمیٹی قائم کی تھی۔الیکشن کمیٹی کی طرف سے انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد پانچ عہدوں کے لئے پندرہ امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کئے۔

(جاری ہے)

امیدواروں پر اعتراضات اور کاغذات نامزدگی کی واپسی کے لئے دی گئی مہلت ختم ہونے کے بعد بیلٹ پیپرز کی چھپائی سمیت جب تمام تیاریاں مکمل ہوگئیں اور انتخابات میں صرف ایک دن باقی تھا تو ایک پینل نے مناسب وجوہات بتائے بغیر الیکشن بائیکاٹ کرلیا۔ الیکشن کمیٹی نے بائیکاٹ کرنے والے امیدواروں کو مذاکرات کی دعوت دی لیکن انہوں نے کوئی مثبت ردعمل ظاہر نہیں کیا۔

لہذا کمیٹی نے اپنے مینڈیٹ کے مطابق چار امیدواروں کو بلامقابلہ کامیاب قرار دے کر ایسوسی ایشن کے امور نومنتخب کابینہ کے سپرد کردئیے ہیں۔الیکشن کمیٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ کمیٹی کے کسی بھی رکن نے بھی کمیٹی کا رکن بننے کی خواہش نہیں کی تھی۔ تمام ارکان کو عبوری کابینہ نے اپنے طور پر اور متفقہ طور پر الیکشن کمیٹی کے ارکان کے طور پر نامزد کیا تھا۔

وقتاً فوقتاً الیکشن کمیٹی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس تحریر پر دستخط بھی کئے تھے جس کے مطابق انتخابات کو کسی صورت موخر نہیں کیا جاناتھا اورتمام امیدواروں نے الیکشن کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد کرنے کے اقرار نامہ پر دستخط کئے تھے۔ اس کے باوجود بغیرکوئی وجہ بتائے بار بار الیکشن ملتوی کرانے کی کوششوں کا کوئی جواز نہیں تھا۔

ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیٹی نے پوری نیک نیتی اور ایمانداری سے اپنا فرض پورا کیا ہے اور پختون جرنلٹس ایسوسی ایشن کو مکمل قانونی عمل کی تکمیل کے بعد نئی قیادت کے سپرد کیا ہے لہذا الیکشن کمیٹی تحلیل کی جارہی ہے اور آئندہ ایسوسی ایشن کے تمام امور کے لئے صدر طاہرخان اور ان کے کابینہ کے دیگر ارکان سے رجوع کیا جائے۔کمیٹی نے نومنتخب قیادت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امیدظاہر کی ہے کہ ایسوسی ایشن کو نہ صرف جڑواں شہروں کے پختون صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے بروئے کار لایا جائے گابلکہ آج کے دور میں پاکستان کے مختلف علاقوں میں مشکل صورت حال سے گزرنے والی پختون کمیونٹی کے مسائل کو درست اور موثر انداز سے اجاگر کرتے ہوئے پاکستان کی عزت اور وقار کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی۔

متعلقہ عنوان :