راحیل شریف کو ملنے والی شہرت اور کسی کے حصے میں نہیں آئی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 22 مارچ 2018 17:11

راحیل شریف  کو ملنے والی شہرت اور کسی کے حصے میں نہیں آئی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24مارچ 2018ء) معروف صحافی و کالم نگار حبیب اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار اور سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف (ر) جیسی شہرت کسی اور کو نہیں ملی۔تفصیلات کے مطابق معروف صحافی و کالم نگار حبیب اکرم اپنے ایک کالم’چوہدری نثار علی خان ‘‘ میں لکھتے ہیں کہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اپنی وزارت میں اتنے آزاد تھے کہ نواز شریف کی موجودگی میں کوئی انہیں کچھ کہنے سے پہلے سوچنے پر مجبور ہو جاتا تھا اور کابینہ میں ان کی وزارت کے حوالے سے بات کرنا بھی ممکن نہیں تھی۔

بطور وزیر داخلہ جب وہ پنجاب ہاؤس میں پریس کانفرس کرتے تو پورا ملک  ا ن کی بات سننے کے لیے ہمہ تن گوش ہو جاتا۔ ان کی انتظامی صلاحیت کا تو نجانے کیا عالم تھا مگر اپنی وزارت، انداز گفتگو اور انداز سیاست کی وجہ سے انہیں جو شہرت ملی وہ سوائے جنرل راحیل شریف (ر) کے سوا کسی اور کے حصے میں نہیں آئی۔

(جاری ہے)

پچھلے چار برسوں میں ان دونوں اصحاب کی شخصی وجاہت اتنی بڑھی کہ ان دونوں کے لیے ان کے عہدے چھوٹے پڑ گئے۔ انہیں اپنی طبیعت کی جولانیاں دکھانے کے لیے کسی نئے میدان کی آرزو تنگ کرنے لگی۔ جنرل راحیل شریف (ر) کو تو سعودی عرب میسر آ گیا اور پاکستان نے انہیں خوشی خوشی ”شکریہ راحیل شریف‘‘ کہہ کر رخصت کر دیا ۔ مگر چودھری نثار علی خان کو مزید سربلندی کا موقع ابھی تک نہیں مل سکا۔