یوم پاکستان تجدید عہد وفا کا دن ہے ، کل کے دن ہمیں بحیثیت مجموعی آپس کے اختلافات کو بھلا کر ملکی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کیلئے ملی اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہو گا

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا یوم پاکستان پر پیغام

جمعرات 22 مارچ 2018 17:31

یوم پاکستان تجدید عہد وفا کا دن ہے ، کل کے دن ہمیں بحیثیت مجموعی آپس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2018ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ یوم پاکستان تجدید عہد وفا کا دن ہے اور آج کے دن ہمیں بحیثیت مجموعی آپس کے اختلافات کو بھلا کر ملکی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کیلئے ملی اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے یہ بات یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو (آج) جمعہ کو منایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کا دن ہماری قومی تاریخ کا ایک ناقابل فراموش دن ہے 78 سال قبل آج ہی کے دن برصغیر پاک و ہند کے مسلمان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی قیادت میں لاہور میں اپنے لئے ایک علیحدہ وطن کے حصول کیلئے جدوجہد کرنے کا عہد کیا اور قرار داد لاہور منظور کی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا کی مسلم ملت ایک مدت سے اپنی شناخت کیلئے کوشاں تھی لیکن اس کے سامنے کوئی متعین منزل نہیں تھی، اسی تاریخ کونہ صرف یکسوئی میسر آئی جس کے نتیجہ میں منزل کا تعین ہوا بلکہ قیام پاکستان کی صورت میں مسلمانوں نے وہ منزل بھی حاصل کی۔

(جاری ہے)

علامہ اقبال ؒکے خطبہ الٰہ آباد میں اگرچہ منزل کا تعین کر دیا گیا تھا لیکن اس کا واضح اظہار 23 مارچ 1940ء کو قائداعظم محمد علی جناحؒ کی سربراہی میں منعقد ہونے والے تاریخی اجتماع میں کیا گیا۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان کا قیام جہاں جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کی ضمانت تھا وہاں ان لوگوں کیلئے امید کی کرن تھا جنہیں متحدہ ہندوستان میں ترقی کے مساوی مواقع سے محروم رکھا گیا اور ان کے تہذیبی تشخص کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔

پاکستان کی صورت میں ایک قوم نے اپنی اٴْس پہچان کو حاصل کیا جن کی شناخت وہاںکی عددی اکثریت کے باعث خطرات سے دوچار تھی 23 مارچ کی قراردادِ پاکستان میں یہ مضمر تھا کہ نئی مملکت اپنے قیام کے بعد ایک ایسی قومی ریاست میں ڈھل جاتی جس میں تمام شہریوں کو مساوی حقوق اور مواقع میسر ہوں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یوم پاکستان تجدید عہد وفا کا دن ہے اور آج کے دن ہمیں بحیثیت مجموعی آپس کے اختلافات کو بھلا کر ملکی تعمیر وترقی اور خوشحالی کیلئے ملی اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہہمارے اسلاف نے اس مملکت خداداد کو حاصل کرنے کیلئے اپنے جان و مال کی بے مثال قربانیاں دیں، اس کی حفاظت اب ہمارا قومی فریضہ ہے، پاکستان کی ترقی اور وفاق کی مضبوطی کیلئے تمام سیاسی قوتوں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے استحکام کیلئے تمام اداروں کی مشترکہ کاوشوں کے ساتھ ساتھ معاشرے کے ہر فرد اور طبقے کو اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کرکے اسے مضبوط تر بنانا ہوگا۔

یوم پاکستان کے موقع پرقوم کو یکجہتی، یگانگت اور بھائی چارے کے ذریعے تحریک پاکستان کے جذبے کی طرح ملک کے استحکام کی خاطر متحد ہونا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آج بطور قوم ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ایک ایسا سماج تشکیل دیں جس میں قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی سربراہی میں قرار دادِ پاکستان میں متعین کئے گئے رہنما اصولوں کی روشنی میں رنگ و نسل، مذہب و فرقہ کی بنیاد پرکسی کے ساتھ امتیازی سلوک روا نہ رکھا جائے۔ ہم نے ایک بار پھر قائد اعظم ؒکے افکار کی روشنی میں پاکستان کو دور جدید کی ترقی یافتہ ریاست بنانا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو سلامت رکھے اور اسے مستقبل کی عظیم ترقی یافتہ مملکت بنائے۔