میونسپل اسٹیڈیم لاڑکانہ میں ایاز سومرو کی نمازہ جنازہ اداکردی گئی

جمعرات 22 مارچ 2018 17:25

میونسپل اسٹیڈیم لاڑکانہ میں ایاز سومرو کی نمازہ جنازہ اداکردی گئی
لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2018ء)سابق وزیر قانون اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ایاز سومرو کی نمازہ جنازہ ادا کردی گئی ہے، جس میں چیئرمین پیپلز پارٹی سمیت وزیراعلی سندھ اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر قانون سندھ اور رکن قومی اسمبلی ایاز سومرو کی نمازہ جنازہ میونسپل اسٹیڈیم لاڑکانہ میں ادا کی گئی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ایاز سومرو کے نمازہ جنازہ میں شرکت کے لئے خصوصی طور پر لاڑکانہ پہنچے اس کے علاوہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ ، سابق وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ ،اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی ، پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، صوبائی وزرا، سہیل انور سیال، امداد پتافی، فیاض بٹ سمیت سردار خان چانڈیو سمیت پیپلز پارٹی کے اہم سیاسی رہنماں نے بھی نمازہ جنازہ میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

نمازہ جنازہ کی ادائیگی کے بعد ان کی تدفین شہدادکوٹ کے آبائی قبرستان میں والدین کے پہلو میں کی جائے گی۔یاد رہے کہ بیس مارچ کو پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی اور سابق وزیر ایاز سومرو امریکا میں انتقال کرگئے تھے، وہ دل کے عارضے کے باعث مین ہٹن کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔ مرحوم لاڑکانہ سے متعدد بار قومی اور صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ ایاز سومرو سندھ کے وزیر قانون بھی رہے۔