(نوٹ: یہ آئٹم 23 مارچ کی صبح سے قبل شائع، نشر یا ٹیلی کاسٹ نہ کیا جائے۔ شکریہ)

پاکستان کی ترقی و استحکام کا راز جمہوریت ہی میں پوشیدہ ہے، درپیش چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے جمہوری روایات کو فروغ دیناضرری ہے ، ْ 23 مار چ کا دن ہماری قومی تاریخ میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے ، صدر مملکت ممنون حسین کا یوم پاکستان کے موقع پر قوم کے نام پیغام اور مبارکباد

جمعرات 22 مارچ 2018 16:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی و استحکام کا راز جمہوریت ہی میں پوشیدہ ہے، درپیش چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے ضروری ہے کہ جمہوری روایات کو فروغ دیا جائے تاکہ معاشرے میں رواداری، ہم آہنگی اور برداشت پروان چڑھے۔ انہوں نے یہ بات یوم پاکستان کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہی جو (آج) جمعہ کو منایا جا رہا ہے۔

صدر نے کہا کہ 23 مار چ کا دن ہماری قومی تاریخ میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس پرمسرت موقع پر میں پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس روز ہمارے بزرگوں نے تاریخی قراردادِ لاہور منظور کی جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک واضح اور عظیم مقصد کیلئے متحد کر دیا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے اس موقع پر بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ، مصّورِ پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ؒ اور تحریک آزادی کے دیگر قائدین کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے اپنے پختہ عزم اور بے مثال قربانیوں سے حصول پاکستان کی راہ ہموار کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان ایک طویل جمہوری جدوجہد کے نتیجہ میں وجود میں آیا اور اب اس کی ترقی اور استحکام کا راز بھی جمہوریت ہی میں پوشیدہ ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ جمہوری روایات کو فروغ دیا جائے تاکہ معاشرے میں رواداری، ہم آہنگی اور برداشت پروان چڑھے کیونکہ ان کے بغیر موجودہ چیلنجوں سے نمٹنا انتہائی مشکل ہو گا۔

صدر مملکت نے کہا کہ گزشتہ چند دہائیوں کے دوران ہونے والی دہشت گردی اور جنگ و جدل نے اس پورے خطہ بشمول پاکستان کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پوری قوم نے یک جان ہو کر اس چیلنج کا مقابلہ کیا ہے جس کے نتیجہ میں ملک میں امن و امان بحال ہو چکاہے اور معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ پاکستان چین اقتصادی راہداری اور دیگر ترقیاتی منصوبے اس کا واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں ایک بار پھر اس عہد کی تجدید کرنی چاہئے کہ ہم اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کو عظیم تر ملک بنائیں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں پاکستان کی خلوصِ نیت سے خدمت کرنے کا جذبہ عطاء کرے اور پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے۔