ویلکم پاکستان سپر لیگ کراچی اینڈ یوم پاکستان سائیکل ریس آج(جمعہ) کوہوگی ، عابد علی ایڈوکیٹ

جمعرات 22 مارچ 2018 16:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2018ء) جشن یوم پاکستان کے سلسلے اور دنیا بھر میں پاکستان کی شناخت ایک پر امن ، پر جوش اور انسانیت پرست قوم کی حیثیت سے روشناس کرانے والی پاکستان سپر لیگ کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ’’ویلکم پاکستان سپر لیگ کراچی اینڈ یوم پاکستان سائیکل ریس‘‘ آج ہوگی۔آج پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے ریس کے چیئر مین عابد علی ایڈووکیٹ آف سندھ ہائی کورٹ اور چیف آرگنائز ر ملک کلیم احمد اعوان نے ریس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ضلع ملیر سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری محمد اکرم بلوچ کو ریس کا چیف جج مقررکیا گیا ہے دیگر ججز میں جمعہ خان بلوچ، خان محمد بلوچ، محمد سہیل بلوچ، ظہیر خان ، نبی بخش بلوچ اورمحمد سکندر حمایتی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

کلیم اعوان نے بتایا کہ100سے زائد تیز رفتار سائیکلسٹوں پر مشتمل سائیکل ریس ڈپٹی کمشنر آفس ضلع ملیر قائد آباد لانڈھی سے شروع ہوگی اور ملیر جیل، بھینس کالونی، رزاق آباد اور اسٹیل ٹاؤن سے ہوتی ہوئی گلشن ِ حدید کے سامنے شہباز پیٹرول پمپ نیشنل ہائی وئے پر ختم ہوگی۔ پوزیشن حاصل کرنے والے سائیکلسٹوں میں عابد علی ایڈووکیٹ اور ایف اے فیض نقد انعامات اور گولڈن ٹرافیا ں تقسیم کریں گے۔ ریس کے پر امن انعقادکیلئے ڈی جی رینجرز سندھ ، آئی جی سندھ، کیپٹل سٹی پولیس چیف اور کراچی ٹریفک پولیس نے خصوصی حفاظتی انتظامات کیے ہیں اور دوران ریس تمام ٹریفک کو بند کردیا جائے گا۔