عطائی ڈاکٹروں کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

جمعرات 22 مارچ 2018 15:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2018ء) مسلم لیگ (ق) نے عطائی ڈاکٹروں کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی ۔مسلم لیگ ق کے چوہدری عامر سلطان چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ حکومت عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام ہوگئی ہے جبکہ عطائی ڈاکٹرز عوام کو ایڈز سمیت دیگر بیماریاں پھیلانے میں مصروف ہیں ۔

(جاری ہے)

قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ عطائی ڈاکٹرز ایک ہی سرنج سے درجنوں مریضوں کو انجکشن لگانے لگے ہیں اور عطائی ڈاکٹرز عوام کی زندگیوں سے کھیلنے لگ ہیں جس کی تازہ مثال سرگودھا میں 150 افراد کا ایڈز میں مبتلا ہونا ہے۔قرار دا د کے متن میں کہا گیا کہ محکمہ صحت کی کاروائیاں صرف بڑے شہروں تک محدودہیں جبکہ محکمہ صحت کے اہلکار چھوٹے شہروں اور قصبوں میں جانے کی زحمت نہیں کرتے محکمہ صحت بڑے شہروں کے ساتھ چھوٹے قصبوں میں بھی کاروائیاں کرے۔قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ عطائی ڈاکٹرز کے موت بانٹنے والے کلینکس کو بند کرکے ان کو سخت سزا دے۔