خواجہ سعد رفیق پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی فراڈ کے روح رواں ہیں، فواد حسن فواد اور احد چیمہ نے مدد کی‘ پی ٹی آئی

احد چیمہ کو پلی بارگین دینا کروڑوں عوام کے منہ پر طمانچہ ہو گا،سارے فراڈ کی تہہ تک پہنچنا ضروری ہے‘ فواد چوہدری

جمعرات 22 مارچ 2018 15:26

خواجہ سعد رفیق پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی فراڈ کے روح رواں ہیں، فواد حسن ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ خواجہ سعد رفیق پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی فراڈ کے روح رواں ہیں، فواد حسن فواد اور احد چیمہ نے فراڈ میں سعد رفیق کی مدد کی۔اپنے وڈیو بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ سعدرفیق کی پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی سارے فراڈ کے پیچھے ہے، سعد رفیق بتائیں سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل خواجہ ندیم ضیا ء کہاں گئی ، خواجہ ندیم ضیا ء نے پاکستان سے اربوں روپے سری لنکا منتقل کئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا فواد حسن فواد اور احد چیمہ سعد رفیق اور ان کے گینگ کے سہولت کار بنے۔ فواد حسن فواد کا بیان ریکارڈ ہو چکا اب انہیں باہر جانے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔فواد چوہدری نے مزید کہا کہ احد چیمہ کو پلی بارگین دینا کروڑوں عوام کے منہ پر طمانچہ ہو گا، اس سارے فراڈ کی تہہ تک پہنچنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ ندیم ضیا ء کے بارے میں علم ضروری ہے، جن لوگوں نے اس فراڈ میں وزیر اعلیٰ اور وزیراعظم ہائوسز استعمال کئے ان کے چہروں سے نقاب اترنا چاہیے ۔حقائق قوم کے سامنے لانا اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نیب کی بنیادی ذمہ داری ہے۔