78واں یوم پاکستان کل قومی جوش و جذبے، ملی حمیت اور شایان شان طریقے سے منایا جائیگا،عام تعطیل ہو گی

وفاقی دارالحکومت میں 31،صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21توپوں کی سلامی دی جائیگی، قومی پرچم لہرائے جائیں گے شکرپڑیاں کی گرائونڈ میں مسلح افواج کی طرف سے شاندار پریڈ کا انعقاد کیا جائیگا،تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئیں

جمعرات 22 مارچ 2018 12:54

78واں یوم پاکستان کل قومی جوش و جذبے، ملی حمیت اور شایان شان طریقے سے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2018ء) 78واں یوم پاکستان کل 23مارچ بروز جمعتہ المبارک کو قومی جوش و جذبے، ملی حمیت اور شایان شان طریقے سے منایا جائے گا، اس دن کی مناسبت سے وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں، تمام ڈویژنل و ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر خصوصی پروگرام منعقد کئے جائیں گے اور قومی پرچم لہرائے جائیں گے،یوم پاکستان کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21توپوں کی سلامی دی جائے گی۔

دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی ،خوشحالی کی دعائوں سے ہوگاجبکہ تحریک پاکستان کے رہنمائوں اور تقسیم برصغیر کی جدوجہد کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے اسلاف کی آخری آرام گاہوں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں شکرپڑیاں کی گرائونڈ میں مسلح افواج کی طرف سے شاندار پریڈ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج، فرنٹیئرکور،ناردرن لائٹ انفنٹری اور تینوں مسلح افواج کے سپیشل سروس گروپ اورکیمل بینڈ پریڈمیں حصہ لیں گے۔

ملک میں تیار کیے گئیJF-17 تھنڈر طیارے سمیت لڑاکا طیارے فضائی مظاہرہ پیش کریں گے،ملک کے مختلف حصوں کی ثقافت کی عکاسی کرنے والے فلوٹس بھی ریہرسل میں حصہ لے رہے ہیں۔ پاک فضائیہ کے بیڑے میں شامل لڑاکا طیارے فضائی کرتب دکھائیں گے ، بیلسٹک اور کروز میزائل کی مکمل رینج بھی پریڈ کا حصہ ہو گی ۔گزشتہ روز مسلح افواج کے خصوصی دستے یہ دن شایان شان انداز میں منانے کیلئے مشقوں اور ریہرسل میں مصروف رہے اورشکرپڑیاں پریڈگرائونڈاسلام آباد میں فل ڈریس ریہرسل ہوئی ۔

اس دن کی مناسبت سے پاکستان ٹیلی وژن سمیت نجی ٹی وی چینلز پر خصوصی پروگرام نشر کئے جائیں گے۔ریڈیو پاکستان کے تمام اسٹیشنوں نے یوم پاکستان کیلئے خصوصی پروگرام تیار کئے ہیں جس کا مقصد 1940 میں منظور کی جانے والی قرار داد لاہور کی اہمیت کوا جاگر کرنا ہے جس سے قیام پاکستان کی راہ ہموار ہوئی۔ اسلا م آباد پریڈ گرائونڈ سے یوم پاکستان کی مناسبت سے مسلح افواج کی پریڈ کا آنکھوں دیکھا حال براہ راست نشر کیا جائے گا۔

خصوصی پروگرام سکھی گھر بھی نشر کیا جائے گا جس میں جمہوری جدوجہد میں خواتین اور ذرائع ابلاغ کے کردار کو اجاگر کیا جائے گا۔ قرار داد پاکستان کی تاریخی اہمیت کے بارے میں ایک خصوصی سیمینار بھی نشر کیا جائے گا۔ ملک بھر سے ریڈیو پاکستان کے نمائندے مختلف شہر وں میں یوم پاکستان کی تقریبات کے حوالے سے خصوصی رپورٹیں دیں گے۔ خبروں اور حالات حاضرہ کے چینل نے بھی طویل دورانیے کی نشریات ترتیب دی جس میں مذاکرے، ملی نغمے اور نیوز رپورٹس شامل ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :