بٹگرام یونیورسٹی کیمپس کے معاملہ پر جاری بھوک ہڑتالی کیمپ کامیاب مذاکرات کے بعد ختم

جمعرات 22 مارچ 2018 12:51

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2018ء) بٹگرام یونیورسٹی کیمپس کے معاملہ پر جاری بھوک ہڑتالی کیمپ کامیاب مذاکرات کے بعد ختم کر دیا گیا۔ انتظامیہ نے 20 اپریل تک یونیورسٹی کیمپس کے افتتاح کی ذمہ داری لے لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اہلسنت والجماعت کے صوبائی صدر علامہ عطا محمد دیشانی کی جانب سے بٹگرام میں یونیورسٹی کیمپس میں تاخیر کے خلاف کچہری چوک بٹگرام میں بھوک ہڑتالی کیمپ لگا رکھا تھا۔

دو روز قبل شروع ہونے والا بھوک ہڑتالی کیمپ گذشتہ شام چھ بجے تک جاری رہا۔ کارکنان و قائدین کی حالت بھوک کے باعث غیر ہو گئی، ڈی ایچ کیو بٹگرام کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر ان کا علاج معالجہ کیا۔ موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام فوری طور پر ہڑتالی کیمپ پہنچے، اس دوران ضلعی انتظامیہ اور علامہ عطاء محمد دیشانی کے مابین مذاکرات شروع ہوئے جو آخر کار حتمی نتیجہ پر پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

مذاکرات کے بعد بھوک ہڑتالی کیمپ میں موجود افراد سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر مولانا عطا محمد دیشانی، ممبر تحصیل کونسل مولانا سید مومن شاہ حیدری، مولانا افضل حنفی، مولانا مفتی فیاض اور دیگر نے کہا کہ بٹگرام میں یونیورسٹی کیمپس کے نام پر نوجوانوں کا استحصال کیا گیا ہے، وزیراعلیٰ کے یونیورسٹی کیمپس بارے اعلان کے بعد بٹگرام کی سیاست پر قابض سیاستدانوں نے یونیورسٹی کیمپس کو سیاسی دکان بنایا ہوا ہے، انتہائی افسوس کی بات ہے کہ صوبہ کے بیشتر اضلاع میں یونیورسٹیاں قائم ہوئیں ہیں تاہم بٹگرام میں یونیورسٹی کیمپس تک بنانا گوارہ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اب ضلعی انتظامیہ اور ہمارے درمیان یونیورسٹی کیمپس سے متعلق مذاکرات ہوئے جو کامیاب ہو چکے ہیں جس کی بناء پر ہم بھوک ہڑتالی کیمپ کے خاتمہ کا اعلان کرتے ہیں، ضلعی حکام نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ بٹگرام میں 20 اپریل تک یونیورسٹی کیمپس قائم کر دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :