ضلعی انتظامیہ اور ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے انچارج میں مذاکرات کامیاب،شاہراہ ریشم پر ٹریفک بحال ہو گئی

جمعرات 22 مارچ 2018 12:47

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2018ء) مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ اور ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے انچارج نے سکی کناری ڈیم کے متاثرین کے تمام مطالبات منظور کر لئے، 40 گھنٹوں کے بعد شاہراہ کاغان پر دیا جانے والا دھرنا ختم کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سکی کناری ڈیم کی اراضی متاثرین اور لیبر نے اپنے مطالبات کے حق میں 40 گھنٹے دھرنا دیگر شاہراہ کاغان کو ٹریفک کیلئے بند کئے رکھا۔

ایک روز قبل ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سے بالاکوٹ میں آٹھ گھنٹوں کے بعد مذاکرات کا دور چلا مگر بے نتیجہ ثابت ہوا، مذاکرات میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا جس پر متاثرین نے رات کھلے آسمان تلے دھرنا دیکر گزاری۔ دھرنے کے اگلے روز ڈپٹی کمشنر مانسہرہ اور ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے انچارج سے کمیٹی ممبران اور ذمہ داران سے مذاکرات کئے جو کامیاب ہو گئے اور ضلعی انتظامیہ اور انچارج ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نے تمام مطالبات منظور کر لئے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ قبل ازیں تحصیل بالاکوٹ کے ناظم سید ابراہیم احمد اور دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین، متاثرین، مزدوروں اور محنت کشوں کے حق میں آواز بلند کر کے میدان عمل میں نکلے تھے۔ اس موقع پر ان سے مذاکرات بھی ہوئے مگر انہوں نے متاثرین اور محنت کشوں کے حقوق سے ایک انچ بھی پیچھے ہٹنے سے انکار کر دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :