قرارداد پاکستان کے 78 سال پورے ہونے پر کل جمعہ کو یوم پاکستان روایتی جوش و خروش اور قرارداد پاکستان کی روشنی میں ملک کو عظیم سے عظیم تر بنانے کے عزم سے منایا جائے گا

جمعرات 22 مارچ 2018 12:45

قرارداد پاکستان کے 78 سال پورے ہونے پر کل جمعہ کو یوم پاکستان روایتی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2018ء) قرارداد پاکستان کے 78 سال پورے ہونے پر کل جمعہ کو یوم پاکستان روایتی جوش و خروش اور اس عزم سے منایا جائے گا کہ قرارداد پاکستان کی روشنی میں ملک کو عظیم سے عظیم تر بنائیں گے۔ یوم پاکستان کی مرکزی تقریب پریڈ گراؤنڈ میں صبح 9 بجے شروع ہوگی جس میں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے سلامی دیں گے۔

تقریب کے مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین ہوں گے جبکہ تقریب میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سروسز چیفس، وفاقی وزراء، غیرملکی سفارتکاروں کے علاوہ بڑی تعداد میں مہمان شرکت کریں گے۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے شاہین اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔ اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔ یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی اہم شخصیات کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوگا۔ پریڈ گراؤنڈ میں یوم پاکستان کی تقریب کیلئے مہمانوں کو دعوتی کارڈ جاری کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر پریڈ گراؤنڈ کے اطراف میں عام ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔ یوم پاکستان کی پریڈ میں متحدہ عرب امارات کا بینڈ کا دستہ بھی شرکت کرے گا۔ یوم پاکستان کی پریڈ میں اونٹوں کا دستہ بھی شامل کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ گرلز گائیڈز اور مسلح افواج میں شامل خواتین کا دستہ بھی پریڈ میں حصہ لے گا۔ یوم پاکستان کے موقع پر صدر، وزیراعظم سمیت اہم شخصیات کے پیغامات شائع، نشر اور ٹیلی کاسٹ کئے جائیں گے۔ اخبارات اور ٹی وی چینلز پر یوم پاکستان کے حوالے سے خصوصی ایڈیشن اور پروگرام نشر و ٹیلی کاسٹ کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ آج سے 78 سال قبل 23 مارچ 1940ء کو موجودہ مینار پاکستان کے مقام پر قرارداد پاکستان منظور کی گئی تھی۔

یوم پاکستان کی پریڈ میں جدید ترین فوجی سازو سامان، میزائل اور دفاعی آلات کی نمائش بھی ہوگی۔ پریڈ کے بعد ملی نغموں پر شاندار پرفارمنس اور پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ثقافتی رنگ بھی بکھیرے جائیں گے۔ بیرون ملک پاکستانی مشنز، سفارتخانوں میں بھی یوم پاکستان کی مناسبت سے خصوصی تقریبات کا انعقاد ہوگا جن میں صدر و وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے جائیں گے اور قومی پرچم لہرایا جائے گا۔ اس موقع پر ملک بھر میں قومی، سیاسی اور سماجی اداروں کی جانب سے تحریک پاکستان کے حوالے سے خصوصی تقریبات اور پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔