امریکا، شمالی و مشرقی علاقوں میں برفانی طوفان سے نطام زندگی مفلوج، ہزاروں پروازیں منسوخ ،سکول و سرکاری دفاتر بند، وائٹ ہائوس اور محکمہ خارجہ کی تمام تقریبات منسوخ

جمعرات 22 مارچ 2018 10:40

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2018ء) امریکا، شمالی و مشرقی علاقوں میں برفانی طوفان سے ہزاروں پروازیں منسوخ ،سکول و سرکاری دفاتر بند اورکاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکا کے مشرقی اور شمالی ساحلی علاقوں میں منگل کی شام شروع ہونے والی طوفانی ہوائیں، بارش اور برف باری بدھ کی دوپہر کے بعد بھی وقفے وقفے سے، تیز یا لگاتار ہلکی ہلکی رفتار سے جاری رہی۔

اطلاعات کے مطابق، نیو یارک اور بوسٹن میں شدید برف باری ہو رہی ہے، جب کہ واشنگٹن ڈی سی، ورجینیا اور میری لینڈ میں سکول اور سرکاری دفاتر بند ہیں، برف کی تہ جمع ہونے کے باعث، کئی مقامات پر سنو ایمرجنسی نافذ کرکے، حکام نے سڑکوں پر سفر سے اجتناب برتنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔

(جاری ہے)

میری لینڈ کے شہر، بالٹی مور میں اب تک 6 انچ برف پڑ چکی ہے، جب کہ ورجینیا میں ریگن انٹرنینشل ایئرپورٹ پر تین انچ برف پڑ چکی ہے اور جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مارچ کی 21 تاریخ کو آنے والا 1964ء کے بعد یہ شدید ترین برفانی طوفان ہے۔ادھر نیو یارک کے گورنر اور بوسٹن کے حکام نے سکول اور دفاتر بند کرنے کا حکم جاری کرکے سنو ایمرجنسی نافذ کردی۔ اطلاعات کے مطابق کئی مقامات پر بجلی منقطع ہوگئی ہے، جب کہ کچھ جگہوں پر گاڑیاں پھسل جانے کے نتیجے میں ٹریفک رٴْک گئی۔ تیز ہوائیں چلنے، برف باری، سلیٹ اور ایئرفیلڈ پر تہ جمنے کے نتیجے میں، امریکی ایئرلائنز نے ہزاروں پروازیں منسوخ کردیں۔

یہ اس ماہ آنے والا چوتھا برفانی طوفان تھا جس کے باعث خطے میں کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔پروازوں پر نگاہ رکھنے والی ویب سائٹ فلائیٹ اویئر کے مطابق، ایئرلائنز نے امریکا آنے جانے والی 3890 سے زائد پروازیں منسوخ کردیں، جب کہ تقریباً 1000سے زیادہ دیگر پروازیں تاخیر سے چلائی گئیں۔ نیو یارک، فلاڈیلفیا اور بوسٹن کے اہم مشرقی شہروں میں برف باری نے عام زندگی کا نظام درہم برہم کردیا۔

وائٹ ہائوس اور محکمہ خارجہ نے بدھ کو ہونے والی تمام تقریبات منسوخ کردیں۔مارچ میں طوفان، بارش اور برف باری کے سلسلوں کے نتیجے میں اب تک ہزاروں پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔امریکی محکمہ موسمیات نے نارتھ کیرولینا سے میساچیوسٹس کے درمیان وسیع علاقے تک کے لیے طوفان کا انتباہ جاری کیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ چھ کروڑ 80 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :