موٹر وے پولیس نے ملک میں ٹریفک کا بہترین نظام دیا ہے، خوبصورت شاہراہوں کے ساتھ خوبصورت درخت انتہائی ضروری ہیں

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر پیر صابر شاہ کا کالا کٹھہ ہری پور کے مقام پر سرسبز و شاداب پاکستان مہم کی تقریب سے خطاب

جمعرات 22 مارچ 2018 00:50

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2018ء) مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پیر صابر شاہ نے کہا ہے کہ موٹر وے پولیس نے ملک میں نہ صرف ٹریفک کا بہترین نظام دیا ہے بلکہ آج یہ سبق بھی دیدیا ہے کہ خوبصورت شاہراہوں کے ساتھ خوبصورت درخت بھی انتہائی ضروری ہیں، ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو بیماریوں سے محفوظ بنانے اور گلوبل وارمنگ کا مقابلہ کرنے کیلئے شجرکاری کرنا ہو گی، معاشرہ کے ہر فرد کو یہ احساس دلانا ہو گا کہ پودا لگانا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے، بدقسمتی سے باغات جنگلات کے حسن کو ختم کر کے ہائوسنگ سکیمیں قائم کر دی گئی ہیں اور درختوں کو تیزی سے کاٹا جا رہا ہے لہذا اب وقت آ گیا ہے کہ ہمیں بیدار ہو کر اپنے ماحول کی حفاظت کرنی ہے۔

وہ بدھ کو کالا کٹھہ ضلع ہری پور کے مقام پر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے زیراہتمام سرسبز و شاداب پاکستان مہم کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سابق صوبائی وزیر و مسلم لیگ (ن) کے رہنما قاضی محمد اسد، معروف سوشل ورکر بشرٰی تسکین، ڈی آئی جی موٹر ویز محمد عمر شیخ، ایس ایس پی وحید خان، انسپکٹر نسیم، ایس ڈی ایف او ہری پور ذوہیب حسن، ڈی پی او ہری پور سید خالد ہمدانی، صدر ڈسٹرکٹ بار اسد الله ملک ایڈووکیٹ، صدر پریس کلب ذاکر تنولی، جنرل سیکرٹری ملک فیصل اقبال خان کے علاوہ محکمہ جنگلات اور موٹر وے پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

قبل ازیں پیر صابر شاہ نے پو دا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی موٹر وے پولیس محمد عمر شیخ نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی اور زمین کے کٹائو کو روکنے کیلئے درخت لگانا ناگزیر ہو چکا ہے، آئی جی موٹر وے پولیس کلیم امام نے موٹر وے کو مزید خوبصورت بنانے کیلئے شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت موٹر ویز پر پودے لگائے جا رہے ہیںکیونکہ گلوبل وارمنگ کو روکنے کا واحد ذریعہ جنگلات ہی ہیں، دنیا بھر میں 29 فیصد جنگلات میں سے 20 فیصد ایشیا اور 4 فیصد پاکستان میں ہیں جن کی حفاظت اور ان میں اضافہ کیلئے سب کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ موٹر وے پولیس کے ہر سرکل میں آر آیس او یونٹ بنا دیئے گئے ہیں جو تعلیمی اداروں، ڈرائیورز اور مختلف دیگر شعبوں میں جا کر روڈ سیفٹی کے حوالہ سے آگاہی پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موٹر وے کا موجودہ رقبہ 2500 سے 2700 کلو میٹر ہے جو آنے والے تین سالوں میں 5000 کلو میٹر ہو جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایف ڈبلیو او کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کرنل عاطف نے کہا کہ ایف ٹو پر چار لاکھ پودے لگائے جا چکے ہیں جبکہ مزید چالیس ہزار پودے لگائے جا رہے ہیں۔ تقریب سے سابق صوبائی وزیر قاضی محمد اسد، ایس ڈی ایف او جنگلات ذوہیب حسن، سوشل ورکر بشرٰی تسکین اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :