عوام کی شکایات کے موثر ازالہ کیلئے تحصیل کلرکہارمیں کھلی کچہری، ریجنل ڈائریکٹر راولپنڈی ڈویژن نے سب لوگوں کے فرداً فراداً مسائل سن کر متعلقہ محکموں کے سربراہان کو احکامات جاری کئے

جمعرات 22 مارچ 2018 00:50

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2018ء) ڈائریکٹر جنرل انٹی کرپشن پنجاب بریگیڈیئر (ر)مظفر رانجھا کی ہدایات کی روشنی میں عوام الناس کی شکایات کے موثر ازالہ کیلئے تحصیل کلرکہارمیں کھلی کچہری لگانے کا اہتمام کیا گیاجس میں ریجنل ڈائریکٹر انٹی کرپشن راولپنڈی ڈویژن عارف رحیم نے عوام الناس کو درپیش مسائل کے متعلق تمام محکموں کے خلاف شکایات سنیں،ریجنل ڈائریکٹر راولپنڈی ڈویژن نے سب لوگوں کے فرداً فراداً مسائل سن کر متعلقہ محکموں کے سربراہان کو احکامات جاری کئے اور لوگوں سے ان کے مسائل کا فوری اور بروقت حل کرنے کا وعدہ کیا،مجموعی طور پر شکایات محکمہ مال ،کمپیوٹر اراضی سنٹر اور پٹواریوں کے خلاف پائی گئیں ،اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر انٹی کرپشن سرکل چکوال میڈم علینے خضر ،اے سی کلرکہار محمد طلحہ سعید،ڈی ایس صدر افتخار حسین،ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن محترمہ تابندہ امجد،سی او میونسپل کمیٹی کلرکہار شہزاد اختر تارڑ ،متعلقہ محکموں کے افسران ،میڈیا نمائندگان اور عوام کی بڑی تعدادموجود تھی،کھلی کچہری میں زاہد حسین بھلیال،راجہ بشیر ملوٹ، ملک بنارس کلرکہار،ملک افسر ،ملک نذر خیرپور، محمدارشد عباسی چکوال،نیاز حسین چکوال، ملک نعیم رضا سردھی و دیگرنے سرکاری محکموں کے خلاف شکایات پیش کیں، سینئر صحافی ارشد محمود عباسی نے میونسپل کمیٹی پرویا سکینڈل کے بارے بتایا کہ تمام ثبوت فراہم کرنے کے باوجود ابھی تک کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

(جاری ہے)

ریجنل دائریکٹر انٹی کرپشن عارف رحیم نے کہا کہ مظلوم عوام جو اپنے جائز کام کروانے کیلئے معاشرے کے کرپٹ افسران و اہلکاران کو رشوت دینے پر مجبور ہو جاتے ہیں ہم ان کی داد رسی ہر صورت کریں گے اور نہ صرف ان لوگوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی بلکہ متاثرہ لوگوں کی لوٹی ہوئی رقم بھی واپس کرائی جائے گی تاکہ معاشرے کوکرپشن اور رشوت کے ناسور سے پاک کیا جا سکے،انہوں نے عوام کی آگاہی کیلئے اپنی ہیلپ لائن نمبر 0312-565960بھی دیااور کہا کہ جو شخص آپ سے رشوت طلب کرے اس کے بارے میں اس نمبر پر دفتری اوقات کے دوران شکایات درج کرائیں۔