ضلع خضدار میں شجر کاری مہم تیزی کے ساتھ جاری ہے ، پورے ڈسٹرکٹ میں تمام محکموں کے تعاون سے شجر کاری مہم کو کامیاب بناکر ضلع کو نہ صرف سر سبز و شاداب بنانے کی جانب پیش رفت کریں گے بلکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں بھی کامیاب ہونگے،ڈپٹی کمشنر خضدار مجیب الرحمن قمبرانی

بدھ 21 مارچ 2018 23:20

کوئٹہ۔21مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء)ڈپٹی کمشنر خضدار مجیب الرحمن قمبرانی نے کہاہے کہ ضلع خضدار میں شجر کاری مہم تیزی کے ساتھ جاری ہے ، پورے ڈسٹرکٹ میں تمام محکموں کے تعاون سے شجر کاری مہم کو کامیاب بناکر ضلع کو نہ صرف سر سبز و شاداب بنانے کی جانب پیش رفت کریں گے بلکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں بھی کامیاب ہونگے ۔

ضلع میں لاکھوں پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اس ہدف کو بھر صورت حاصل کرکے وسیع پیمانے پر پودے لگانے میں کامیاب ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں شجر کاری مہم کے حوالے سے’’ کمیٹی آف پلانٹیشن‘‘کی صدارت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمیٹی کے چیئرمین و زراعت آفیسر منیراحمد مینگل ، ڈی ایف او خضدار اویس احمد، واٹر مینجمنٹ آفیسر خضدار محمد خان، زراعت آفیسر نادر مسیح ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر لائیواسٹاک ڈاکٹر محمد انور زہری ، زراعت آفیسر خضدار عبدالقادر بلوچ ، اسسٹنٹ کمشنر خضدار حبیب نصیرناصر ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالقدوس اچکزئی و دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں آفیسر ز نے ڈپٹی کمشنر خضدار کو شہر و ضلع میں لگنے والے پودوں کے بارے میں بریفنگ دی ، اور آئندہ شجرکاری کے اہداف بتائے ، اجلاس کو بتایاکہ اس وقت مختلف تعلیمی اداروں ، عوامی مقامات ، اور محکموں میں اب تک ہزاروں پودے لگائے گئے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر خضدار مجیب الرحمن قمبرانی نے کہاکہ ہم نے ضلع میں لاکھوں پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے ۔

کوشش ہوگی کہ ہدف کو حاصل کرکے ضلع میں امسال زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں ،آلودہ ماحول سے چھٹکارا، پاک صاف و شفاف ماحول بنانے میں کامیاب ہوں ، انہوںنے کہاکہ پودیٰ لگانا صدقہ جاریہ ہے ، جس میں آفیسران تعلیمی اداروں کے ذمہ داران کے علاوہ عام شہریوں کو بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیئے ، جب ہر فرد ایک ایک پودیٰ لگائے گا تو ہم اپنے اہداف سے بڑھ کر پودے لگانے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔

انہوںنے کہاکہ ماحولیاتی آلودگی کی بڑی وجہ بھی درختوں کی کمی ہے ، پودا لگے گا اور درخت کافی تعداد میں ہونگے تو یقیناً ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں کامیاب ہونگے ۔ انہوں نے کہاکہ اب ہر فرد اپنی ذمہ داری سمجھ کر اس صدقہ جاری میں حصہ لے اور پودیٰ لگانے کو اپنے اوپر فرض سمجھ کر اپنے آس پاس محلہ جات میں ایک پودا لگا کر اس کی دیکھ بھال بھی کرے ۔ڈپٹی کمشنر خضدار مجیب الرحمن قمبرانی نے ہدایت جاری کہ پلاٹیشن کمیٹی کے اراکین شجر کاری مہم کو کامیاب بنا کر اپنے ہداف کو حاصل کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں۔