وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، مختلف ممالک کے ساتھ مفاہمت کی دستاویزات اور سمجھوتوں سمیت گہرے سمندروں میں ماہی گیری کی پالیسی 2018ء اور قومی غذائی سلامتی کی پالیسی کی منظوری،ایگزیکٹ کنٹرول لسٹ میں ناموں کے اخراج اور اندراج کے حوالہ سے کیسوں کے جائزہ کیلئے ذیلی کمیٹی بھی قائم کر دی

بدھ 21 مارچ 2018 22:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء) وفاقی کابینہ نے مختلف ممالک کے ساتھ مفاہمت کی دستاویزات اور سمجھوتوں سمیت گہرے سمندروں میں ماہی گیری کی پالیسی 2018ء اور قومی غذائی سلامتی کی پالیسی کی منظوری دیدی ہے، وفاقی کابینہ نے ایگزیکٹ کنٹرول لسٹ میں ناموں کے اخراج اور اندراج کے حوالہ سے کیسوں کے جائزہ کیلئے ذیلی کمیٹی بھی قائم کر دی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس بدھ کو منعقد ہوا جس میں مختلف ایجنڈا آئٹمز کی منظوری دی گئی۔ یہاں جاری بیان کے مطابق وفاقی کابینہ نے سپیشل کورٹ (آفینسز ان بینک ٹو) لاہور کیلئے پریذائیڈنگ آفیسر کی تعیناتی، سپیشل کورٹ (سنٹرل) راولپنڈی میں جج کی تعیناتی، کسٹم اپیلٹ ٹربیونل بنچ ٹو لاہور کے ممبر ٹیکنیکل کی ڈیپوٹیشن کی مدت میں اضافہ اور جنگلات کے شعبہ میں چین کے ساتھ مفاہمت کی دستاویز پر دستخط کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

وفاقی کابینہ نے پاکستان اور تنزانیہ کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے مشترکہ کمیشن کے قیام کے ضمن میں مفاہمت کی دستاویز پر دستخط، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان مشترکہ کمیشن کے قیام کیلئے معاہدہ پر دستخط، پاکستان اور سری لنکا کی حکومتوں کے درمیان سیاحت کے شعبہ میں مفاہمت کی دستاویز پر دستخط، فارن سروس اکیڈمی آف پاکستان اور سری لنکا کے بندرا نائیکا ڈپلومیٹک انسٹی ٹیوٹ کے مابین مفاہمت کی دستاویز پر دستخط اور پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈویلپمنٹ کمپنی اور سری لنکا کے جیمز اینڈ جیولری ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے درمیان مفاہمت کی دستاویز پر دستخط کی منظوری دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت و خدمات اور برازیل کی وزارت صحت کے درمیان صحت کے شعبہ میں مفاہمت کی دستاویز پر دستخط، پاکستان اور چین کے درمیان فرنٹیئر ہیلتھ کے حوالہ معاہدہ پر دستخط، وزارت توانائی (پاور ڈویژن) حکومت پاکستان اور جرمنی کی وزارت اقتصادی تعاون و ترقی کے مابین پاکستان جرمنی متبادل توانائی فورم کے قیام کے ضمن میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط اور پاکستان انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی کنٹریکٹ ملازمت کی مدت میں توسیع کی منظوری دیدی۔

وفاقی کابینہ نے مائیکرو فنانس بینکوں اور مائیکرو فنانس اداروں کیلئے لائن کریڈٹ کے ضمن میں سٹیٹ بینک آف پاکستان میں فنڈز کے قیام کی بھی منظوری دی۔ وفاقی کابینہ نے 7 مارچ 2018ء کو کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کئے جانے والے فیصلوں کی توثیق کی۔ کابینہ نے قانونی کیسوں کے حوالہ سے 15 مارچ کو کابینہ کی کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔

وفاقی کابینہ نے ایگزیکٹ کنٹرول لسٹ میں ناموں کے اخراج اور اندراج کے حوالہ سے ایک سمری پر غور کیا اور اس ضمن میں کیسوں کے جائزہ کیلئے ذیلی کمیٹی قائم کر دی۔ وفاقی کابینہ نے گہرے سمندروں میں ماہی گیری کی پالیسی اور قومی غذائی سلامتی کی پالیسی کی بھی منظوری دیدی۔ وفاقی کابینہ نے نیشنل کالج آف آرٹس لاہور اور راولپنڈی، پاکستان سے باہر پاکستان چیئرز اور خصوصی سلیکشن بورڈ کی جانب سے بیرون ممالک پاکستان چیئرز پر سکالروں کے انتخاب کو کابینہ ڈویژن سے وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کو منتقل کرنے کی بھی منظوری دی۔

کابینہ کے اجلاس میں پاک۔عرب ریفائنری لمیٹڈ اور پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعیناتی کیلئے تجاویز کی بھی منظوری دیدی۔