ضلعی حکومت کوہاٹ کا گمبٹ کو تحصیل کا درجہ دینے پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو خراج تحسین

بدھ 21 مارچ 2018 21:40

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء)ڈسٹرکٹ کونسل کوہاٹ کے اجلاس میں گمبٹ کوتحصیل کا درجہ دینے اور اس کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کرنے پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے متفقہ قرارداد پیش کی گئی جس کی تمام ممبران نے تائید کی۔بدھ کے روز کنونیئر حاجی عبدالرشید کی زیرصدارت ہونے والے اجلا س میں ضلع ناظم کوہاٹ محمد نسیم آفریدی کے علاوہ اپوزیشن لیڈر الحامد،حکومتی و اپوزیشن اراکین اور سرکاری محکموں کے حکام نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کے آغاز پر گزشتہ روز اشتہاری کی فائرنگ سے شہید ہونے والے تھانہ استرزئی کے ایس ایچ او عباس خان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔اجلاس میں عوامی نمائندگان نے صوبائی حکومت کی جانب سے ڈویژنل ہیڈکواٹر میں لوکل ریسورس سنٹر کی تعمیرکے لیے دو مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے متعلقہ محکمے کو ہدایت کی کہ عوامی مفاد میں جو بھی جگہ مناسب ہو ا س کا جلد از جلد انتخاب کرلیا جائے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سے کہا گیا کہ وہ حسب وعدہ شہر میں ٹریفک کنٹرول کے لیے ٹریفک پلان فوری طور پر کونسل میں پیش کریں۔عوامی نمائندوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے مطالبہ کیا کہ وہ لیاقت میموریل ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر ڈسٹرکٹ کونسل کیلئے خصوصی فنڈز کا اعلان کریں۔