ڈپٹی کمشنر چارسدہ منتظر خان کی زیر صدارت تحصیل تنگی میں کھلی کچہری

بدھ 21 مارچ 2018 21:40

چارسدہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء)ڈپٹی کمشنر چارسدہ منتظر خان کی زیر صدارت تحصیل تنگی میں کھلی کچہری کا انعقاد ہوا جس میں ناظم تحصیل تنگی یحییٰ جان مہمند ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز ، ضلع چارسدہ کے محکموں کے سربراہان ، پولیس ، منتخب نمائندگان اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ عوام کی طرف سے بہت سے مسائل سامنے پیش کئے گئے ، جن میں ہسپتالوں سے متعلق مسائل، علاقے کی صفائی ستھرائی لوڈ شیڈنگ، سڑکوں اور نالیوں کی تعمیر اور دیگر عوامی مسائل شامل تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر مردان نے غور سے مسائل سنے ۔ بعض مسائل کو موقع پر اور بعض کو جلد از جلد حل کرنے کیلئے متعلقہ محکموں کوہدایات جاری کیں اور مسائل کی پراگریس رپورٹس متعلقہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سے طلب کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کی خدمت ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے کھلی کچہری کو آئندہ بھی منعقد کیا جائیگا تاکہ عوام کے مسائل عوام کے دہلیز پر حل ہوں اور عوام کو دفتروں اور محکموں کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ عوام نے تنگی میں کھلی کچہری کے انعقاد پر ڈپٹی کمشنر چارسدہ کا شکریہ ادا کیا اور ان کی ان کاوشوں کو سراہا۔