صوبائی حکومت نے تعلیم نسواں کے فروغ پر بھر پور توجہ دی ہے،سینیٹرمہرتاج روغانی

بدھ 21 مارچ 2018 21:40

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء) نو منتخب سنیٹر اور صوبائی اسمبلی کی سابق ڈپٹی سپیکر ڈاکٹر مہر تاج روغانی نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے خواتین کو معاشرے میں باعزت مقام دلانے اور ان کو با اختیار بنانے کیلئے قوانین بنانے کے ساتھ ساتھ تعلیم نسواں کے فروغ پر بھی بھر پور توجہ دی اور تمام نئے سکولوں میں 70فیصد لڑکیوں کے سکول بنانے کی پالیس بنائی اور سکول جانے والی طالبات کیلئے وظائف کا نظام متعارف کیا جس کے دور رس نتائج سامنے آرہے ہیں ۔

وہ ویمن یونیورسٹی مردان میں عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے سائنس نمائش اور کلچرل شو کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہی تھیں۔ یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غزالہ نظام نے مہمان خصوصی کو یونیورسٹی کی کارکردگی اور یہاں مختلف سٹوڈنٹس سوسائیٹیز کی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔

(جاری ہے)

سنیٹر ڈاکٹر مہر تاج روغانی نے سائنس نمائش میں گہری دلچسپی لی اور مائیکرو بیالوجی کی طالبات کی جانب سے بنائے گئے سائنسی ماڈلز اور ریسرچ پوسٹرز کے حوالے سے ان سے تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا۔

اس موقع پر یونیورسٹی کی پشتو سوسائٹی کی جانب سے ایک ثقافتی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں طالبات نے گھریلو کشیدہ کاری ، پشتون ثقافت ، کھانوں اور لباس سے مزین سٹال لگائے تھے اور طالبات نے روایتی کپڑے پہنے ہوئے تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ ڈاکٹر مہرتاج روغانی نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی مردان نے قلیل عرصے میں صوبے کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں اپنا منفرد مقام بنایا ہے اور یہاں پر منعقد کی جانے والی سرگرمیوں سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہاں تحقیقی سرگرمیاں زور و شور سے جاری ہیں۔

انہوں نے یونیورسٹی کے سائیکالوجی ڈیپارٹمنٹ ، مائیکروبیالوجی ڈیپارٹمنٹ اور ویمن ایمپاورمنٹ سنٹر کی کارکردگی کا بطور خاص ذکر کیااور کہا کہ ان شعبہ جات کی عملی سرگرمیوں سے یقینی طور پر انسانیت کی عظیم خدمت کی راہ ہموار ہوگی اور ان کا سہرا بجا طور پر وائس چانسلر ڈاکٹر غزالہ نظام اور ان کی پوری ٹیم کے سر ہے ۔ ثقافتی شو کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنی زبان اور ثقافت کو بھولنے والی قومیں صفحہ ہستی سے مٹ جاتی ہیں اس لئے اپنے دینی اور ثقافتی اقدار سے جڑے رہتے ہوئے ترقی کی جانب سفر جاری رکھنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ بعد ازاں سنیٹر ڈاکٹر روغانی نے سائنس نمائش اور کلچرل شو میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں توصیفی اسناد اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :