ڈپٹی کمشنر مردان نے جیل میں قیدیوں کی سہولت کیلئے میڈیکل لیبارٹری کا افتتاح کردیا

بدھ 21 مارچ 2018 21:40

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء) ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر قاسم علی خان ، اسسٹنٹ کمشنر انڈر ٹریننگ تابندہ کے ہمراہ سنٹرل جیل مردان کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مردان نے جیل میں قیدیوں کی سہولت کے لئے میڈیکل لیبارٹری کا افتتاح کیا ۔ اس لیبارٹر ی میں مختلف قسم کے میڈیکل ٹسٹ کی سہولت موجود ہوگی۔

اس کے علاوہ انہوں نے سنٹرل جیل مردان میں پودا لگا کرموسم بہارکی شجر کاری مہم کا آغاز بھی کیا اور سنٹرل جیل کے تمام انتظامات کا جائزہ بھی لیا ۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل مردان فضل حمید خان خیل نے ڈپٹی کمشنر مردان کو جیل سے متعلق جاری ترقیاتی کاموں ، درپیش مسائل اور سنٹرل جیل کی سیکورٹی کے حوالے سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر مردان نے بذات خود جیل کے تمام بیرکوں جن میں بچوں کا جیل، زنانہ و مردانہ جیل اور دیگر حصوں کا دورہ کیا اور جیل کی صفائی و ستھرائی اور تمام قیدیوں سے جیل میں درپیش مسائل کے بارے میں پوچھ گچھ کی ۔

تمام قیدیوں نے تسلی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جیل کے اندر ہمیں نہ صرف معیاری خوراک ملتی ہے بلکہ بنیادی صحت کے تمام سہولیات بھی مہیا کی جارہی ہیں اور جیل کی صفائی کا بھی خیال رکھا جاتا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر مردان نے لنگر خانہ (کچن) کا بھی دورہ کیا اور وہاں کی صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر ڈی سی مردان نے کھانے کا مینو چیک کیا اور جیل انتظامیہ کو احکامات جاری کئے کہ قیدیوں کو صاف اور معیاری اشیائے خورد و نوش مہیا کی جائیں اور روزانہ کی بنیاد پر لنگر خانے کا معائنہ کیا جائے ۔

دوران اجلاس ڈپٹی کمشنر مردان نے واپڈا ، سی اینڈ ڈبلیو بلڈنگ ومتعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں کہ وہ جیل میں جاری ترقیاتی کاموں اور درپیش مسائل کو جلد از جلد حل کریں تاکہ قیدیوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :