کراچی ،مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات کی یونین آف جرنلسٹ کے انتخابات میں صدیقی کے پورے پینل کو بلامقابلہ منتخب ہونے پر مبارکباد

بدھ 21 مارچ 2018 22:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2018ء) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید علی احمر زیدی نے کراچی یونین آف جرنلسٹ کے انتخابات میں فہیم احمد صدیقی کے صدیقی کے پورے پینل کو بلامقابلہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔انہوں نے کہا کہ نو منتخب صدر فہیم احمد اور سیکرٹری جنرل نثار محمود کی کامیابی صحافتی برادری کی جانب سے ان پر اعتماد کا اظہاراور قائدانہ صلاحتیوں کا اعتراف ہے۔

گزشتہ عشرے سے کراچی شہر میں امن و امان کی سنگین صورتحال کے باوجود صحافی حضرات جس جرات اور حوصلہ کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے آئے ہیں وہ لائق تحسین ہیں۔ صحافیوں کو فرائض کی ادائیگی میں مکمل تحفط کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے جسے ہر حال میں پورا ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ کراچی یونین آف جرنلسٹ صحافیوں کے مسائل کے حل اور فرائض منصبی کی ادائیگی میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے میں اپنا موثر اور بھرپورکردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ صحافت ریاست کا اہم ستون ہے۔عوام کی حقائق تک رسائی کا واحد ذریعہ وہ لوگ ہیں جو کسی مشکل کی پرواہ کیے بغیر اپنے پیشہ وارانہ فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ذمہ دارانہ طرز صحافت معاشرے میں مثبت رجحانات کے فروغ کا باعث بنتی ہے۔یہ وہ طبقہ ہے کہ جو قلم کی طاقت کو جبر و استبداد کے خلاف استعمال کرتا آیاہے۔پاکستانی صحافت میں ایسے معتبر نام موجود ہیں جو آمریت کے خلاف جرات مندانہ انداز میں ڈٹے رہے۔انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کے حقوق کے لیے ایم ڈبلیو ایم آپ کو ہمیشہ ساتھ کھڑی نظر آئے گی۔#

متعلقہ عنوان :