سپریم کورٹ، سندھ کے علاقہ مٹھی میں مبینہ طور پر زائد المعیاد ٹیکے لگانے سے 5معصوم بچوں کی اموات سے متعلق از خود نوٹس کیس کی آئندہ سماعت کراچی میں مقرر کرنے کی ہدایت

بدھ 21 مارچ 2018 22:53

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء) سپریم کورٹ نے سندھ کے علاقہ مٹھی کے سول ہسپتال میں مبینہ طور پر زائد المعیاد ٹیکے لگانے سے 5معصوم بچوں کی اموات سے متعلق از خود نوٹس کیس میں آئندہ سماعت کراچی میں مقرر کرنے کی ہدایت کردی ہے اورکہاہے کہ سیکرٹری صحت سندھ سمیت تمام متعلقہ افسران مقررہ تاریخ پر عدالت میں پیش ہوں۔

بدھ کوچیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے ٹیکے لگنے کے باعث بچوں کی اموات کے بارے میں رپورٹ پیش کی اوربتایا کہ غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے بعد انہیں معطل کردیاگیا ہے۔ چیف جسٹس نے ان سے کہا کہ صرف معطل کرکے کام چلایا گیا ہے، کیاکسی نے ان والدین کا بھی سوچا ہے جو ہسپتال میں اپنے بچوں کو علاج کے لئے لائے تھے لیکن علاج ہونے کی بجائے ان کی لاشیں لے کر اپنے گھروں کو واپس گئے، ان معصوموں کو زائد المعیاد ٹیکے لگا ئے گئے اور کوئی ذمہ داری بھی قبول نہیں کررہا ہے۔

(جاری ہے)

عدالت کوڈی جی ہیلتھ سروسز نے بتایا کہ ٹیکوں کا درجہ حرارت برقرار نہیں رکھاگیا تھا ، اس معاملے میںچند ورکروں کی غلطی تھی جن کومعطل کردیا گیا ہے۔ چیف جسٹس نے ان سے کہا کہ عدالت اس امرکاجائزہ لے گی کہ اس معاملے پر کیا فوجداری کارروائی ہوسکتی ہے۔ بعد ازاں عدالت نے آئندہ سماعت کراچی میں مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ افسران کیس کی سماعت پر عدالت میں پیش ہوں، مزید سماعت 31مارچ تک ملتوی کردی گئی۔