قدم گاہ اور درگاہ سخی عبدالوہاب شاہ جیلانی ؒکے مزار کی سیکیورٹی کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق بنایا جائے گا ، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد

مزاراور قدم گاہ کے اطراف میں قائم تجاوزات کو ہٹایاجائے گاجبکہ ان مقامات پرپارکنگ کے مسائل کو بھی حل کیا جائے گا

بدھ 21 مارچ 2018 22:53

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2018ء)ڈپٹی کمشنر حیدرآباد غلام قادر جونیجو نے کہا ہے کہ قدم گاہ اور درگاہ سخی عبدالوہاب شاہ جیلانی ؒکے مزار کی سیکیورٹی کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے، مزاراور قدم گاہ کے اطراف میں قائم تجاوزات کو ہٹایاجائے گاجبکہ ان مقامات پرپارکنگ کے مسائل کو بھی حل کیا جائے گا۔

وہ قدم گاہ اسٹیشن روڈ اور درگاہ سخی عبدالوہاب شاہ جیلانی ؒکے مزار کی سیکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے سلسلے میں اپنے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے، ایس پی حیدرآباد ، میونسپل کمشنر ایچ ایم سی ،اسسٹنٹ کمشنر ، سندھ بلڈنگس کنٹرول اتھارٹی اورمحکمہ اوقاف کے نمائندوں کے علاوہ چیئرمین درگاہ الحاج گلش الٰہی ، امامیہ مرکزی ٹرسٹ کے صدر، آٹوپارٹس مارکیٹ کے صدراور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر غلام قادر جونیجو نے کہا کہ سیکیورٹی کے مسائل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا اور ان مقدس مقامات کی سیکیورٹی کو ہر صورت میں موثر بنایاجائے گا، انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مزاراور قدم گاہ کے اطراف میں قائم تجاوزات کو ہٹایاجائے گاجبکہ ان مقدس مقامات پرپارکنگ کے مسائل جوکہ سیکیورٹی خدشات بھی ہیں کوحل کرنے کے لیے تمام ترکوششیں بروئے کار لائی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ قدم گاہ اور درگاہ سخی عبدالوہاب شاہ جیلانی ؒ کے مزار شریف کی سیکیورٹی میں حائل نئی و پرانی تعمیرات کو بھی سیکیورٹی آڈٹ کے تحت میپنگ کی جائے گی، ان مقامات پرپانی کی نکاسی کے لیے بھی نئی اسکیم منظور کرالی گئی ہے اس پر جلد عملدرآمد کرکے اس مسئلے پر بھی مکمل ضابطہ لایاجائے گا، انہوں نے کہا کہ قدم گاہ اور درگاہ سخی عبدالوہاب شاہ جیلانی ؒ کے مزار کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے ڈبل لائین کروادی گئی ہے، ان مقامات پرموجود اسپیئر پارٹس مارکیٹ کو بھی ایک منظم لائحہ عمل کے تحت مستقبل میں کہیں اور منتقل کیاجاناہے۔