منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ہاتھ پائوں بندھے ہوئے ہیں ،ہر علاقے میں اپنے ووٹروں کی بھرپور نمائندگی کر رہے ہیں، پارلیمانی لیڈر سٹی کونسل

کچی آبادی کی لیز کو کھولنا چاہتے ہیں مگر اس میں روڑے اٹکائے جا رہے ہیں اور مشکلات پیدا کی جارہی ہیں، اسلم شاہ آفریدی بلدیہ ٹائون کے لوگ پانی کو ترس گئے مگر حکومت انہیں پانی فراہم نہ کرکے سزا دینا چاہتی ہے،کام کے معائنہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

بدھ 21 مارچ 2018 22:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2018ء) سٹی کونسل کے پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ہاتھ پائوں بندھے ہوئے ہیں مگر اس کے باوجود ہر علاقے میں اپنے ووٹروں کی بھرپور نمائندگی کر رہے ہیں،کچی آبادی کی لیز کو کھولنا چاہتے ہیں مگر اس میں روڑے اٹکائے جا رہے ہیں اور مشکلات پیدا کی جارہی ہیں، بلدیہ ٹائون کے لوگ پانی کو ترس گئے مگر حکومت انہیں پانی فراہم نہ کرکے سزا دینا چاہتی ہے ،سعید آباد میں سیوریج لائن کی تنصیب اور سڑک کی تعمیر سے علاقے کے لوگوں کو آمدورفت میں سہولت ہوگی اورنکاسی آب کے مسئلے پر قابو پایا جاسکے گا، تمام تر رکاوٹوں کے باوجود کراچی میں شروع ہونے والا ترقی کا سفر جاری رہے گا، یہ بات انہوں نے بدھ کی سہ پہر سیکٹر 9/F-1 سعید آباد بلدیہ ٹائون میں سیوریج لائن کی تنصیب اور نو تعمیر شدہ سڑک کی استرکاری کے کام کا معائنہ کرنے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ایک تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں یوسی 37 ، بلدیہ ٹائون کے چیئرمین سعید آفریدی، سٹی کونسلر انتھونی تیجا اور کونسلر عبدالقادر سمیت دیگر منتخب نمائندوں اور علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلم شاہ آفریدی نے کہا کہ عوام یہ توقع رکھتے ہیں کہ ان کے ترقیاتی کام تیزی سے ہوںاور دیرینہ مسائل سے چھٹکارہ ملے تاہم منتخب بلدیاتی نمائندوں کے پاس اتنے اختیارات اور وسائل نہیں کہ وہ ان کے تمام مسائل فوری حل کرسکیں، اس کے باوجود شہریوں کے ووٹ سے منتخب ہونے والے نمائندے مایوس نہیں اور دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے جہاں تک ممکن ہے شہر کی بہتری کے لئے خدمات انجام دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ میئر کراچی وسیم اختر کی خواہش ہے کہ بلدیہ ٹائون میں سڑکوںاور فٹ پاتھوں کی حالت بہتر بنائی جائے اور علاقے میں پانی و سیوریج کے مسائل جلد از جلد حل کئے جائیں تاہم کراچی کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی خستہ حالت اور ٹوٹ پھوٹ کی اصل وجہ سیوریج کی لائنوں سے رسائو ہے جس کے باعث سڑکیں زیادہ عرصے تک کارآمد نہیں رہتیں اور مسلسل پانی کھڑے رہنے کی وجہ سے ان پر گڑھے پڑ جاتے ہیں اور ایسی صورتحال میں سڑک پر ٹریفک کی روانی برقرار نہیں رہتی اور لوگوں کو ٹریفک جام سمیت حادثات اور دیگر دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، منتخب نمائندوں کو شہر کے اصل مسائل کا بخوبی علم ہے اور وہ اپنے حلقہ انتخاب میں لوگوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہیں تاکہ ان مسائل کو جلد از جلد حل کرسکیں، انہوں نے کہا کہ بلدیہ ٹائون کے مختلف علاقوں میں پانی دستیاب نہیں جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے حالانکہ صاف پانی وہ بنیادی ضرورت ہے جس کے بغیر زندگی کا تصور بھی ممکن نہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلدیہ ٹائون کے تمام علاقوں میں پانی و سیوریج سے متعلقہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں اور پہلے سے ڈالی گئی پائپ لائنوں کی مرمت اور نئی لائنوں کی تنصیب بلاتاخیر کی جائے تاکہ علاقے میں ہونے والے ترقیاتی کام پائیدار ثابت ہوں اور تمام سڑکیں ٹوٹ پھوٹ سے محفوظ رہیں، انہوں نے کہا کہ بلدیہ ٹائون کراچی کا اہم مضافاتی علاقہ ہے جہاں ایک بہت بڑی آبادی رہائش پذیر ہے، ہماری خواہش ہے کہ ان لوگوں کو وہ تمام شہری سہولیات مہیا کی جائیں جو شہر کے دیگر مرکزی حصوں میں رہنے والوں کو حاصل ہیں، جیسے جیسے وسائل دستیاب ہوں گے ترقیاتی کام انجام دیئے جائیں گے اور شہریوں کی توقعات پر پورا اترنے کی ہرممکن کوشش جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :