پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائینز اور ملک کے سب سے بڑے لوہے کے کارخانے پاکستان اسٹیل ملز کو فروخت کرنے کی کوششیں ناکام بنائیں گے، بلاول بھٹو

حکومت مذکورہ قومی اثاثوں کی نجکاری کا عمل فی الفور روک دیں، پارٹی رہنمائوں کے اجلاس کی صدارت کے دوران گفتگو

بدھ 21 مارچ 2018 22:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت کی جانب سے قومی پرچم بردار پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائینز اور ملک کے سب سے بڑے لوہے کے کارخانے پاکستان اسٹیل ملز کو فروخت کرنے کی کوششیں ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ حکومت مذکورہ قومی اثاثوں کی نجکاری کا عمل فی الفور روک دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاول ہائوس میں منعقد پارٹی رہنماوں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھڑو، جنرل سیکریٹری وقار مہدی، سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی، پی پی پی کراچی ڈویژن کے صدر و صوبائی وزیر سعید غنی اور وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی آئی اے اور اسٹیل ملز کی مالک پاکستان کی عوام ہے، اور وہ "ایک خریدو، دوسرا مفت" جیسے مشکوک عمل کے ذریعے قومی اثاثوں کو نیلامی کے ہتھوڑے کے نیچے نہیں آنے دے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ بہت بڑی بدیانتی ہے کہ ایک وزیراعظم جو اپنی ذاتی ایئرلائین منافعے میں چلارہے ہیں، قومی پرچم بردار ایئر لائین کی مارکیٹ و روٹس ہتھیانے کے لیئے پی آئی اے کو بیچنے پر تلے ہوئے ہیں۔ اسی طرح نواز شریف اور ان کا خاندان اندرون و بیرون ملک اپنے لوہے کے کارخانے بہت بڑے منافعے میں چلا رہے ہیں لیکن پاکستان اسٹیل ملز کو جان بوجھ کر تباھی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے تاکہ وہ اپنی اجارہ داری قائم کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سول ایویئیشن اتھارٹی (CAA ) کی نجکاری کے بھی خلاف ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے مذکورہ اداروں کے ملازمین سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی رہنماوں کو کہا کہ وہ پی آئی اے، اسٹیل ملز اور سول ایویئیشن اتھارٹی کی نام نہاد نجکاری کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں۔ انہوں نے میاں رضا ربانی کو ہدایت کی کہ وہ ملک بھر کی ٹریڈ یونینز سے ملک کر آئندہ کا لائحہ عمل طئے کریں۔