شہروں کی پائیدار ترقی اور سرسبز وشادابی کے لیے نیم شہری علاقوں میں شجر کاری اور جنگلات وقت کی اہم ضرورت ہے، روبینہ خورشید عالم

بدھ 21 مارچ 2018 22:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2018ء)وزارت موسمیاتی تبدیلی کی پارلیمانی سیکرٹری روبینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ شہروں کی پائیدار ترقی اور سرسبز وشادابی کے لیے نیم شہری علاقوں میں شجر کاری اور جنگلات وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ درختوں اور جنگلات سے نہ صرف آلودگی کم ہوتی ہے بلکہ موسمیاتی تبدیلیوں کی روک تھام میں بھی مدد ملتی ہے اور درختوں کے ان گنت فوائد بھی ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز میں بُدھ کو درختوں کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام گرین پاکستان بارے پارلیمنٹرین فورم، انٹر نیشنل یونین آف کنٹزرویشن، ایسوسی ایشن آف اوورسیز پاکستانیز اور پائیدار ترقی بارے غیر سرکاری تنظیم (ایس ڈی پی آئی)نے کیا تھارومینہ خورشید عالم نے کہا کہ درخت اور سبزہ عالمی سطح پر زمینی انحطاط اور صحرا بردگی کا واحد حل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی اوروفاقی حکومتی کوششوں کے باوجود اس وقت بھی پاکستان میں جنگلات کا رقبہ عالمی معیارات سے کم ہے اور صرف 5فیصد رقبہ پر جنگلات ہیں اس طرح ہم 25فیصد رقبہ پر جنگلات کے ہدف سے ابھی بہت دور ہیں۔ اسی لیے پاکستان میں اربن فارسٹری وقت کی بڑی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں شہروں میں بڑھتی ہوئی آلودگی پر قابو پانے کے لیے شجر کاری کو فروغ دینا ہوگا۔

انہوں نے درختوں کی ضرورت اور اہمیت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ درختوں سے ہمیں عمارتی لکڑی ، پھل ، فروٹ اور سبزہ حاصل ہوتا ہے اور یہ ہمیں موسمی شدت سے بھی بچاتے اور دھوپ سے چھائوں فراہم کرتے ہیں۔رومینہ عالم خورشید نے اپنے خطاب میں اسلام آباد میں جاری گھر گھر شجر کاری مہم کی تفصیلات کے بارے میں بھی بتایاتقریب سے اسلام آباد کے ڈپٹی میئرذیشان نقوی ، گھرانہ گروپ آف کمپنیر کے چیئرمین شفیق اکبر، نسٹ یونیورسٹی کے پروفیسر اصغر نعیم، ماہرفن تعمیرات فواد نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے شہری ونیم شہری علاقوں کی ترقی میں درختوں کی ضرورت واہمیت پر روشنی ڈالی۔