وزیر دفاع سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبیدابراہیم سالم الزابی کی ملاقات

موجودہ اشتراک کار پر اظہار اطمینان ،باہمی دفاعی تعاون مزید بڑھانے پر بھی اتفاق پاکستان اور متحدہ عرب امارات قابل قدرسٹریٹجک پارٹنرز رہیں گے ،اعلیٰ سطحی رابطوں سے دوطرفہ مثالی تعلقات میں مزید تیزی آئیگی،انجینئر خرم دستگیر خان

بدھ 21 مارچ 2018 22:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2018ء) وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے پاکستان اور متحدہ عرب امارات قابل قدرسٹریٹجک پارٹنرز رہیں گے ،اعلیٰ سطحی رابطوں سے دوطرفہ مثالی تعلقات میں مزید تیزی آئیگی۔وزیر دفاع نے یہ بات بدھ کو پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبیدابراہیم سالم الزابی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

وزیر دفاع نے نئی تقرری کے بعد ذمہ داری سنبھالنے پر متحدہ عرب امارات کے سفیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے آپ کے دور سفارت میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔ وزیر دفاع نے متحدہ عرب امارات کی ترقی اور خوشحالی کیلئے صدر خلیفہ بن زائد النہیان کی کوششوں اور ویژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات قابل قدرسٹریٹجک پارٹنرز رہیں گے اور اعلیٰ سطحی رابطوں سے دوطرفہ مثالی تعلقات میں مزید تیزی آئیگی۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران موجودہ اشتراک کار پر اطمینان کا اظہار اور باہمی طورپر دفاعی تعاون مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیاگیا۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد ابراہیم سالم الزابی نے پاکستان میں سفارتی ذمہ داریاں ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان کیساتھ پہلے سے موجودہ دوستانہ اور قریبی خوشگوار تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اپنی صلاحیتوں اور عہدے کو بروئے کار لائونگا ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے خاص طورپر دفاعی صنعت میں اشتراک کار بڑھانے کی تجویز پیش کی اس کے علاوہ انہوں نے متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کو تربیتی سہولتوں کی فراہمی کی پیشکش بھی کی۔