الیکشن کمیشن کی انتخابی فہرستوں پر نظرثانی، 81لاکھ سے زائد نئے ووٹرز کا اندراج

8لاکھ کے قریب فوت اور پاکستان کی شہریت ترک کرنیوالوں کو انتخابی فہرستوں سے خارج ملک میں مجموعی ووٹرز کی تعداد10کروڑ 50لاکھ سے تجاوز کر گئی، انتخابی فہرستوں میں درستگی کیلئے ملک بھر میں ڈسپلے سنٹر قائم کر دئیے ہیں ، 26مارچ سے ملک بھرمیں14ہزار487مقامات پر قائم ڈسپلے سنٹرز میں ووٹرز اپنے ووٹ کا اندراج،اخراج اور کوائف کی درستگی کراسکیں گے ،الیکشن کمیشن

بدھ 21 مارچ 2018 22:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2018ء) الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے مرحلے میں 81لاکھ سے زائد نئے ووٹرز کا اندراج کرلیا جبکہ 8لاکھ کے قریب فوت اور پاکستان کی شہریت ترک کرنے والوں کو انتخابی فہرستوں سے خارج کر دیا گیا، ملک میں مجموعی ووٹرز کی تعداد10کروڑ 50لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے انتخابی فہرستوں میں درستگی کیلئے ملک بھر میں ڈسپلے سنٹر قائم کر دئیے ہیں ، 26مارچ سے ملک بھرمیں14ہزار487مقامات پر قائم ڈسپلے سنٹرز میں ووٹرز اپنے ووٹ کا اندراج،اخراج اور کوائف کی درستگی کراسکیں گے ۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کا ابتدائی کام مکمل کر لیا ہے اور 81لاکھ سے زائد نئے ووٹ انتخابی فہرستوں میں درج کر لئے گئے ہیں جبکہ گذشتہ چار سالوں کے دوران فوت ہونے اور شہریت ترک کرنے والی8لاکھ سے زائد ووٹ خارج کر دئیے گئے ہیں الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی فہرستوں میں ووٹرز کی کل تعداد10کروڑ 50لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے انتخابی فہرستوں میں ووٹ کے اندراج ، اخراج اور کوائف کی درستگی کیلئے ملک بھر میں 14487 ڈسپلے سنٹرز قائم کردئیے ہیں جوکہ 26 اپریل تک چاروں صوبوں اور فاٹا میں عوام کی سہولت کیلئے کھلے رہیں گے ان ڈسپلے سنٹرز میں پنجاب 7928 سندھ 2585خیبر پختونخواہ 2545بلوچستان 1429شامل ہیں الیکشن کمیشن کے مطابق نادرا کے تعاون سے الیکشن 2013 کے بعد سے لے کر 2018 کے ابتدا تک جن شہریوں نے نیا شناختی کارڈ بنوائے ہیں ان کے ناموں کے اندراج کو انتخابی فہرستوں میں یقینی بنایا گیا ہے اور ایسے تمام ووٹروں کے ووٹ حذف کئے ہیں جن کی نادرا کے ریکارڈ میں فوتگی درج ہے یا وہ پاکستان کی شہریت ترک کر چکے ہیں یا کسی بھی وجہ سے ان کے شناختی کارڈ منسوخ کر دیئے گئے ہیںاور نئے ووٹروں کے اندراج اور فوت شدہ ووٹوں کے اخراج کے بعد ابتدائی انتخابی فہرستیں تیار کی گئی ہیں اور انہیں ڈسپلے سنٹرز میں عوام الناس کے معائنہ کے لئے رکھا جائے گا اور شہریوں کو یہ موقع فراہم کی جائے گا کہ وہ اپنے اور اپنے اہل خانہ کے انتخابی فہرستوں میں درج ووٹوں کی جانچ پڑتال کریں اور اگر ضرورت محسوس ہو تو اندراج ، اخراج اور درستگی کروائیں اس مقصد کے لئے ملک بھر میں بڑی تعداد میں ڈسپلے سنٹرز قائم کئے گئے ہیں تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جاسکے کہ تما م اہل ووٹرز انتخابی فہرستوں میں اپنے نام کا اندراج ، ووٹ کی تبدیلی ، اخراج یا کوائف کی درستگی کرواسکیں۔