وزیراعظم سے افغان سفیر کی ملاقات، پاک افغان تعلقات مضبوط بنانے کا عزم

کابل حملہ قابل مذمت ،دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان افغان عوام کیساتھ کھڑا ہے ، پاکستان افغانستان میں امن کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے،شاہد خاقان عباسی ْ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان اور افغانستان کو ملکر اقدامات اٹھانا ہونگے،افغان سفیر

بدھ 21 مارچ 2018 22:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے افغان سفیر عمر زخیلوال نے ملاقات کی ، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور خطے میں امن و استحکام کی جاری کوششوں پر بات چیت کی گئی۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں تعینات افغانستان کے سفیر عمر زخیلوال نے بدھ کو پاکستان کے وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات میں بہتری سے متعلق اٴْمور پر بات چیت کی۔

وزیراعظم نے بدھ کے روز ہونیوالے کابل حملے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار اور حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ پاکستان کے عوام دکھ کی اس گھڑی میں افغانستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان افغانستان کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید مئوثر بنانے کی خواہش رکھتا ہے ،دو نوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح پر ادارہ جاتی رابطے مزید بہتر ہونے چاہئیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔اس موقع پر افغان سفیر کا کہنا تھا کہ افغان قیادت پاکستان کیساتھ با مقصد بات چیت کی خواہش رکھتی ہے اور خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کیساتھ ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہیں ۔افغان سفیر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی دونوں ہمسایہ ممالک کیلئے سنگین خطرہ ہے اس سے پاکستان اور افغانستان کو ملکر نمٹنے کیلئے اقدامات اٹھانا ہوں گے۔افغانستان کے سفیر نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے افغان امن عمل کی حمایت اور افغان عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی پر شکریہ ادا کیا۔