چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی نے قذافی اسٹیڈیم میں شائقین سے اضافی وصول کی گئی رقم واپس دلوا دی

اسٹیڈیم میں گراں فروشوں کیخلاف کریک ڈائون پر عوام نے سکھ کا سانس لیا ‘ میاں عثمان کی گفتگو

بدھ 21 مارچ 2018 22:41

لاہور ۔21 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء)چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان کی سربراہی میں انتظامیہ کے افسران دوسرے پلے آف میچ میں بھی قذافی اسٹیڈیم کے اندر موجود رہے جس پر شائقین کرکٹ نے اپنے بھرپور اطمینان کا اظہار کیا۔ چیئرمین پی سی سی میاں عثمان کی جانب سے اسٹیڈیم کے اندر کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والوں کووقفے وقفے سے چیک کیا جاتا رہا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خریداری کرنے والوںسے بھی آگاہی حاصل کی گئی اور متعدد شائقین کوزائد وصول کی گئی رقم موقع پر ہی واپس کرا دی گئی ۔ناقص اشیاء فروخت کرنے والے دو سٹالز فوری ختم کر ادئیے گئے اور انہیں سخت تنبیہ بھی کی گئی ۔میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے میاں عثمان نے کہا کہ کمشنر لاہور ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اس پریکٹس کو کیا گیا ہے جس کے انتہائی مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے پہلے پانی کی بوتل مقررہ نرخ کی بجائے دس سے تیس گنا زائد قیمت پر فروخت ہوتی تھی اسی طرح دیگر اشیاء بھی مہنگے داموںفروخت کی جاتی تھیں لیکن اسٹیڈیم میں گراں فروشوںکے خلاف کریک ڈائون پر عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے ۔