پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں جن میں وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ مزید استحکام آرہا ہے،گورنرسندھ

بدھ 21 مارچ 2018 22:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں جن میں وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ مزید استحکام آرہا ہے ، پاک برطانیہ دو طرفہ معاشی تعلقات خطہ کے وسیع تر مفاد میں ہیں ، صوبہ میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں برطانیہ کا تعاون قابل تحسین ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی بدلتی ہوئی صورتحال اور سی پیک منصوبہ کی تکمیل کے پیش نظر پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقا ت ، سرمایہ کاری ، تجارت ، معاشی سرگرمیوں اور وفود کے تبادلے دوطرفہ مفاد میں اہم ثابت ہو سکتے ہیں ،پاکستان برطانیہ سے مزید مستحکم تعلقات کا خواہش مند ہے اس ضمن میں سرمایہ کاری اور تجارتی حجم میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو(Mr.Thomas Drew) سے ملاقات میں کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کراچی میں برطانیہ کی ڈپٹی ہائی کمشنر بھی موجود تھیں ۔ ملاقا ت میں مختلف شعبوں میں پاک برطانیہ اقتصادی تعاون ،برٹش کونسل کے اٹھائے گئے اقدامات ،صوبہ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات کے استحکام ، سرمایہ کاری اور تجارتی حجم میں اضافہ کرنے کے لئے برٹش ہائی کمشنر اہم کردار ادا کررہے ہیں جسے پاکستانی قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد کراچی میں معاشی سرگرمیاں تیز ہو رہی ہیں ، سرمایہ کار بھی کراچی میں سرمایہ کاری کے لئے بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں ،بڑے صنعتی مراکز اور کاروباری اداروں کے باعث کراچی کو ملک کا معاشی حب ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک برطانیہ کے مابین باہمی تجارت میں مزید اضافہ کے لئے جامع کوششوں کی ضرورت ہے، خطہ سے غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ میں برطانوی سرمایہ کار اہم ثابت ہو سکتی ہے ، برطانیہ کے سرمایہ کار صوبہ با الخصوص معاشی شہ رگ کراچی کی استعداد سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لئے سرمایہ میں بھرپور حصہ لیں اس ضمن میں حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون ، مدد اور معاونت فراہم کرے گی ۔

ملاقات میں برطانیہ کے ہائی کمشنر نے گورنر سندھ کو بتایا کہ برطانیہ صوبہ میں بنیادی سہولیات کے ڈھانچہ کی فراہمی میں تعاون جاری رکھے گا تاکہ خصوصاً دور دراز علاقوں کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے سرمایہ صوبہ با الخصوص کراچی شہر کی استعداد سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لئے برٹش بزنس سینٹر کے ذریعہ رابطہ رکھے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کو مستحکم اور خوشحال دیکھنے کا خواہش مند ہے اس ضمن میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے لئے بھرپور اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں ۔#

متعلقہ عنوان :