ڈیرہ، دہشتگردی کے شکارشہداء کے لواحقین میں امدادی چیک تقسیم

بدھ 21 مارچ 2018 22:35

ڈی آئی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء)کمشنر ڈیرہ اسمعیٰل خان عبدا لغفور نے کہا ہے کہ ڈیرہ ا سمعیٰل خان میں دہشتگردی کی عفریت نے بے گناہ اور قیمتی جانوں کا ضیاع کیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہ ہمیں اپنی نسلوں کو دہشتگردی اور فرقہ واریت کے ناسور سے تحفظ دلانا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلع ڈیرہ اسمعیٰل خان میں ستمبر 2013سے اب تک دہشتگردی کی نذرہونے والے شہداء کے لواحقین اور زخمیوں میں صوبائی حکومت کی طرف سے امدادی رقوم کے چیک تقسیم کرنے کے موقع پر کیا۔

تقریب میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ،اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ حلقہ تحصیلدار و پٹواریان کے علاوہ متاثرین کے لواحقین و معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ آج کی تقریب میں 5لاکھ روپے فی کس کے حساب سے 10شہدائ2 لاکھ روپے فی کس کے حساب سے ایک زخمی کو امدادی رقوم کے چیک دیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس کوبتایا گیا کہ جن 10شہداء کو امدادی رقوم کے چیک دئیے جا ر ہے ہیں۔

ان میں ملازم حسین ولد محمد ہاشم،قیس عباس ولد نذیر حسین، مختار حسین ولد خالق داد ثقلین عباس ولد مختیار حسین ،محمد جمیل ولد محمد رمضان،علی رضا ولد بشیر حسین،محمد ہارون ولد سلیم خان،مطیع اللہ ولد فیض اللہ،غلام عباس ولد اسماعیل جان، رحمت اللہ ولدصاحب خان شامل ہیں،جبکہ زخمیوں میں اکرام اللّہ ولد محمد ہاشم کو امدادی رقوم جس کا صوبائی حکومت پہلے ہی اعلان کر چکی ہے،فراہم کی جا ر ہے ہیں۔

بعدازاں دہشتگردی سے متاثرہ افراد کے لواحقین میں امدادی چیک تقسیم کئے گئے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ عبدالغفور آفریدی نے کہا کہ مالی امداد قیمتی جانوں کا متبادل نہیں ہو سکتی۔اس کے باوجود حکومت شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کے غموںکا مداوا کرنے کے لئے انہیں مالی طور پر سپورٹ کرتی ہے۔علاوہ ازیں دہشت گردی،فرقہ واریت اور بد امنی پر قابو پانے کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے امن کی بحالی کے لئے ہر وقت چوکس ہیں اور اپنے فرائض کی بجا آوری میں اور لوگو ںکے جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے کئے لئے دن رات کوشاں ہیں۔

اس طرح شرپسند عناصر کو ان کے مذموم مقاصد اور دہشتگردانہ کارروائیو ں سے روکنے کے لئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام امن، بھائی چارے اور اخوت کا درس دیتا ہیے ہمیں اتحاد بین المسلمین کا مظاہرہ کرتے ہوئے صبر ،برداشت کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا چاہیئے۔