ہمیشہ عوام کی خدمت کی اور آئندہ بھی بھرپور جذبے سے کرتے رہیں گے، آزاد علی تبسم

بدھ 21 مارچ 2018 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2018ء)مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی آزاد علی تبسم نے کہا ہے کہ ہمارا جینا مرنا اپنے عوام کے ساتھ ہے۔ ہمیشہ عوام کی خدمت کی اور آئندہ بھی بھرپور جذبے سے کرتے رہیں گے۔ عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبے بنائے، عوام کی عدالت میں آج ہم سرخرو ہیں۔ میں ہمیشہ کرپشن کے خلاف رہا ہوں اور اس حوالے سے میرے دامن پر کوئی داغ نہیں۔

جھوٹے الزامات لگانے والوں کو سوچنا چاہیئے کہ سرمایہ کاری کرنے والے دوسرے ممالک کیا سوچتے ہوں گے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے خدمت کی سیاست کی، مخالفین الزامات کی گرد اڑاتے رہے۔ جھوٹ بولنے والوں نے اپنا کام کیا اور ہم نے عوام کی خدمت کا اپنا ایجنڈا پورا کیا۔ مخالفین الزامات کی گرد سے ترقی کے منظرنامے کو دھندلا نہیں سکتے۔

(جاری ہے)

سچ سچ ہوتا ہے ، ہزار جھوٹ بھی مل کر ایک سچ نہیں بناسکتے۔

انہوں نے کہا کہ ساڑھے چار سال جھوٹ کی سیاست کرنے والے پنجاب کے تیزی سے تکمیل کو پہنچتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں سے خوفزدہ ہیں۔ پنجاب کے ہر ضلع میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔ حکومت پنجاب نے تاریخ میں پہلی مرتبہ جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے آبادی کے تناسب سے زیادہ فنڈز مختص کئے اور اربوں روپے کی لاگت سے پنجاب کے دیہات میں ہزاروں کلومیٹر طویل سڑکیں بنانے کا اعزاز بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو حاصل ہے جبکہ یہ پہلا موقع ہے کہ پنجاب میں دیہات کی صفائی کا منظم پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ ہر چھوٹے بڑے شہر کو لاہور ملتان جیسا ترقی یافتہ اور خوبصورت شہر بنانا چاہتے ہیں