وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبیدابراہیم سالم الزابی کی ملاقات

ملاقات میں موجودہ اشتراک کار پر اطمینان کا اظہار اور باہمی طورپر دفاعی تعاون مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیاگیا

بدھ 21 مارچ 2018 22:08

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء) وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبیدابراہیم سالم الزابی نے وزارت دفاع راولپنڈی میں ملاقات کی ۔ وفاقی وزیر دفاع نے نئی تقرری کے بعد ذمہ داری سنبھالنے پر متحدہ عرب امارات کے سفیر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر دفاع نے اس توقع کا اظہار کیا کہ ان کے دور سفارت میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

سفیر حماد ابراہیم سالم الزابی نے پاکستان میں سفارتی ذمہ داریاں ملنے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ پہلے سے موجودہ دوستانہ اور قریبی خوشگوار تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی صلاحیتوں اور عہدے کو بروئے کار لائیں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر دفاع نے متحدہ عرب امارات کی ترقی اور خوشحالی کے لیے صدر خلیفہ بن زائد النہیان جو متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر بھی ہیں،کی کوششوں اور ویژن کو سراہا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات قابل قدرسٹریٹجک پارٹنرز رہیں گے اور اعلیٰ سطحی رابطوں سے دوطرفہ مثالی تعلقات میں مزید تیزی آئے گی۔ ملاقات کے دوران موجودہ اشتراک کار پر اطمینان کا اظہار اور باہمی طورپر دفاعی تعاون مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیاگیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے خاص طورپر دفاعی صنعت میں اشتراک کار بڑھانے کی تجویز پیش کی اس کے علاوہ انہوں نے متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کو تربیتی سہولتوں کی فراہمی کی پیشکش بھی کی۔