جامعہ کراچی، سنڈیکیٹ میں اساتذہ کی مخصوص نشستوں کے لئے الیکشن 9 اپریل کو ہوں گے

بدھ 21 مارچ 2018 22:04

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء) اساتذہ کی چار مخصوص نشستوں پر سنڈیکیٹ کے انتخابات کے لئے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ان چار نشستوں پر پولنگ 9 اپریل 2018ء کو جامعہ کراچی کے کلیہ فنون و سماجی علوم کی سماعت گاہ میں صبح 9:30 تا 1:00 بجے دوپہر ہو گی۔ جامعہ کراچی کے رجسٹرارڈاکٹر منور رشید کے اعلامیہ کے مطابق پروفیسر، ایسوسی ایٹ پروفیسر، اسسٹنٹ پروفیسر اور لیکچرر کے لئے ایک ایک نشست مختص ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن میں حصہ لینے کے لئے کاغذات نامزدگی2 اپریل تک رجسٹرار آفس میٹنگ سیکشن فرسٹ فلور پر جمع کرائے جا سکتے ہیں جبکہ کاغذات نامزدگی واپس لینے کے لئے 6 اپریل تک رجوع کیا جا سکتا ہے۔ امیدواروں کی حتمی فہرست 6 اپریل کو شام 4 بجے جاری کی جائے گی۔ واضح رہے کہ ووٹر لسٹ پر اعتراضات 29 مارچ کو دوپہر ایک بجے تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔ اسٹڈی لیو یا فارن سروس لیو اور ڈیپوٹیشن پر جانے والے اساتذہ الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے آیا کہ وہ کراچی شہر میں ہی موجود کیوں نہ ہوں۔