یوم پاکستان پر سمندر میں فشریز سے منوڑا تک ’’بوٹ ریلی‘‘ نکالی جائے گی

بدھ 21 مارچ 2018 22:04

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء) پاک ماہی گیر ویلفیئر ایسوسی ایشن کے تحت 23 مارچ یوم پاکستان کی مناسبت سے شاندار تقریبات کا انعقاد بھرپور ملی جوش و جذبے سے کیا جائے گا۔ ہر سال کی طرح امسال بھی یوم پاکستان کے روز فشریز سے منوڑا تک کھلے سمندر میں ’’بوٹ ریلی‘‘ نکالی جائے گی۔ فشریز سے شروع ہونے والی ریلی میں شریک کشتیوں کو قومی پرچموں اور جھنڈیوں سے مزین کرکے منوڑ اتک لے جایا جائے گا۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار پاک ماہی گیر ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر علائو الدین ناکوا نے یوم پاکستان کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک ماہی گیر ویلفیئر ایسوسی ایشن نے قومی ایام کو ہمیشہ بھرپور ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا ہے، امسال یوم پاکستان کو مزید بہترین انداز میں منانے کیلئے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یوم پاکستان کے روز فشریز سے منوڑا تک ’’بوٹ ریلی‘‘ نکالی جائے گی اور ملک و قوم کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کیلئے دعائیں بھی کی جائیں گی جبکہ دوپہر کو بیگم حاجرہ محمودعلی گورنمنٹ بوائز اینڈ گرلز سیکنڈری اسکول محمدی کالونی میں تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں 23 مارچ کی مناسبت سے تقریری مقابلہ، ملی نغمے پیش کئے جائیں گے اور اسکول کے طلباء وطالبات ٹیبلو بھی پیش کریں گے۔ اجلاس میں چیئرمین سردار معین، وائس چیئرمین منان ناکوا، سینئر نائب صدر بشیر احمد، جنرل سیکریٹری راشد سردار، نائب صدر زین العابدین، جوائنٹ سیکریٹری یونس شیخ، فنانس سیکریٹری عمران ملن و دیگر بھی شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :