جامعہ کراچی،سنڈیکیٹ میں اساتذہ کی مخصوص نشستوں کے لئے الیکشن 9 اپریل کو ہونگے

بدھ 21 مارچ 2018 22:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2018ء) جامعہ کراچی کے رجسٹرارڈاکٹر منور رشید کے اعلامیہ کے مطابق اساتذہ کی چار مخصوص نشستوں پر سنڈیکیٹ کے انتخابات کے لئے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ان چارنشستوں پر پولنگ بروز پیر09 اپریل2018 ء کوجامعہ کراچی کے کلیہ فنون و سماجی علوم کی سماعت گاہ میں صبح 9:30 تا 1:00 بجے دوپہرہوگی۔ پروفیسر ،ایسوسی ایٹ پروفیسر، اسسٹنٹ پروفیسر اور لیکچرر کے لئے ایک ایک نشست مختص ہے ۔

(جاری ہے)

الیکشن میں حصہ لینے کے لئے کاغذات نامزدگی02 اپریل2018ء تک رجسٹرار آفس میٹنگ سیکشن فرسٹ فلور پر جمع کرائے جاسکتے ہیں ۔جبکہ کاغذات نامزدگی واپس لینے کے لئے 06 اپریل2018 ء تک رجوع کیا جاسکتا ہے۔امیدواروں کی حتمی فہرست 06 اپریل2018 ء کوشام 4:00 بجے جاری کی جائے گی۔واضح رہے کہ ووٹر لسٹ پر اعتراضات 29 مارچ2018 ء کو دوپہر ایک بجے تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ اسٹڈی لیو یافارن سروس لیو اور ڈیپوٹیشن پر جانے والے اساتذہ الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے آیا کہ وہ کراچی شہر میں ہی موجود کیوں نہ ہوں۔