300 سرکاری سکولوں میں ماڈرن کلاس رومز بنائے جائیں ‘رانا مشہوداحمد خاں

پنجاب واحد صوبہ ہے جس کے سرکاری سکولوں میں سمارٹ بورڈز کے ذریعے جدید تعلیم دی جار ہی ہے ‘صوبائی وزیر تعلیم

بدھ 21 مارچ 2018 22:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2018ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی کیلئے جدید اصلاحات کے منظم پروگرا م پر عمل پیرا ہے، اس حوالے سے یہ بات خوش آئند ہے کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے بھر پور استعمال سے تعلیمی اصلاحات کی کامیابی میں نمایاں مدد ملی ہے،اس طرح طالبعلموں کو ورلڈ کلاس ایجوکیشن تک رسائی ہوئی ہے جس سے پاکستان کو بہترین یوتھ لیڈر شپ میسر آئی ہے ۔

یہ بات انہوں نے چلڈرن لائبریری کمپلیکس میں ’’خادم پنجاب نیکسٹ جنریشن سکولز انیشیٹو‘‘پروگرام کے تحت سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور ایک فلاحی تنظیم( یونائیٹڈ وی ریچ )کے مابین طے پانے والی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ مفاہمت کی اس یاد داشت کے تحت لاہور کے 10منتخب سرکاری سکولوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ ماڈرن کلاس رومز تعمیر کئے جائیں گے۔

اس منصوبے کے اگلے مرحلے میں پنجاب بھر میں300سرکاری سکولوںمیں ماڈرن کلاس رومز بنائے جائیں گے۔انہوںنے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد طالبعلموں کی شخصیت کو جدید خطوط پر سنوانا ہے۔ اس مقصد کیلئے طالبعلموں کو اضافی تعلیمی مضامین بھی پڑھائے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ ’’خادم پنجاب نیکسٹ جنریشن سکولز انیشیٹو‘‘پروگرام کے تحت گورنمنٹ شہدائے آرمی پبلک گرلز ہائی سکول میںعصر حاضر کے تعلیمی تقاضوں کے پیش نظر جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے آراستہ انفارمیشن ٹیکنالوجی لیب، سائنس لیب، ہیلتھ لیب اور آرٹ روم سمیت ارلی چائلڈ ہد ایجوکیشن کلاس رومز اور فوڈ لیب کا قیام پہلے ہی عمل میں لایا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی لیب، سائنس لیب، ہیلتھ لیب اور آرٹ روم میں پری کے جی، کے جی اور گریڈ ون کی طالبات کی علمی استعداد کار بڑھائی جائے گی۔اس پروگرام کے دوسرے مرحلے میں 300سکولوں میں ماڈرن لیبز متعارف کروائی جائیںگی اس طرح منصوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقے کے طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی۔صوبائی وزیر رانا مشہود نے کہا کہ یہ پروگرام نہ صرف کوالٹی ایجوکیشن فراہم کرئے گا بلکہ اس طرح اساتذہ کی تعلیمی صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہو گا۔

انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال میں ایجوکیشن بجٹ کیلئی345ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ۔دوسری جانب بھٹہ مزدوروں کی90ہزار بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ پنجاب واحد صوبہ ہے جس کے سرکاری سکولوں میں سمارٹ بورڈز کے ذریعے جدید تعلیم دی جار ہی ہے اورسٹیٹ آف دی آرٹ دانش سکولوں میں بے وسیلہ اور مستحق طلبہ زیور تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں۔تقریب میں سپیشل سیکرٹری سکولز رانا حسن اختر،چیئر پرسن یونائیٹڈ وی ریچ سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :