سپریم کورٹ کی بدولت رائو انوار کی گرفتاری خوش آئند عمل ہے ،تحقیقات کر کے تمام حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں ‘اعجاز چوہدری

رائو انوار کی گرفتاری سے زرداری مافیا کی ٹانگیں کانپنا شروع ہو گئی ہے ، احد چیمہ کی گرفتاری سے پنجاب حکومت بھی گھبرائی ہوئی ہے

بدھ 21 مارچ 2018 21:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اعجاز احمد چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ کی بدولت رائو انوار کی گرفتاری خوش آئند عمل ہے ، رائو انوار سے تحقیقات کر کے تمام حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں ، رائو انوار کی گرفتاری سے زرداری مافیا کی ٹانگیں کانپنا شروع ہو گئی ہے ، احد چیمہ کی گرفتاری سے شہباز شریف بھی سخت گھبرائے ہوئے ہے ، عابد باکسر ، احد چیمہ اور رائو انوار چور ،ڈکیت اور مافیا کے فرنٹ مین ہے ۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے پارٹی رہنما فیاض بھٹی کے ہمراہ انتخابی مہم کے سلسلے میں یوسی 220کے دورے کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مافیا ان فرنٹ مینوں کے ذریعے بے گناہ افراد کے قتل کرواتا ہے اور منصوبوں کی آڑ میں مال بناتا ہے ، حکمرانوں نے اپنی لوٹ مار کا بوجھ عوام پر ڈال دیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کرپشن کے خاتمے کے بغیر ملک آگے بڑھ نہیں سکتا اس موجودہ مافیا کو عوام جیلوں کی سلاخوں کے پیچھے دیکھنا چاہتے ہے ، ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت سے ملکی معشیت کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے ، روپے کی قدر دن بدن کم ہو رہی ہے ، ملکی قرضوں میں خطر ناک حد تک اضافہ ہوا ہے اس تمام بحران کے ذمہ دار نواز شریف ہے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بحران پر قابوپانے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے ، حکومت اقتدار میں رہنے کا اخلاقی جواز کھو بیٹھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پوری منصوبہ بندی کے تحت آئندہ الیکشن کے سیاسی میدان میں اترے گی اور انشاء اللہ عوام کی طاقت سے الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔