پانی انمول نعمت ہے اورپانی کے بغیر زندگی کا تصور بھی محال ہے‘شہبازشریف

پانی نہ صرف انسانوں بلکہ جانوروں،پودوں ،پھلوں، فصلوں اور زمینوں کے لئے انتہائی ضروری ہے آبی وسائل کو بروئے کار لاکر وطن عزیز کو دنیا کا خوشحال ترین اور ترقی یافتہ ملک بنایا جا سکتا ہے‘وزیر اعلیٰ پنجاب کا پانی کی اہمیت و افادیت کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

بدھ 21 مارچ 2018 21:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پانی انمول نعمت ہے اورپانی کے بغیر زندگی کا تصور بھی محال ہے،کرہ ارض پر رنگ بکھیرتی زندگی کا اہم عنصر پانی ہے، پانی نہ صرف انسانوں بلکہ جانوروں، پودوں ،پھلوں، فصلوں اور زمینوں کے لئے انتہائی ضروری ہے، آبی وسائل کو بروئے کار لاکر وطن عزیز کو دنیا کا خوشحال ترین اور ترقی یافتہ ملک بنایا جا سکتا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے پانی کی اہمیت و افادیت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان زرعی، معدنی اور دیگر شاندار قدرتی خزانوں کیساتھ ساتھ بہترین آبی وسائل سے بھی مالا مال ہے۔بارش ،چشموں، ندی نالوں،نہروں اور دریائوں کے پانی کو استعمال میں لا کرزرعی معیشت کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پانی کا عالمی دن منانے کا مقصد عوام میں پانی کی اہمیت،ضرورت اور افادیت کے بارے میں شعور کو عام کرنا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صاف پانی کرہ ارض پر زندگی کی بقاء ، ترقی اورانسانی صحت کیلئے سب سے اہم عنصر ہے اورعوام کو صاف پانی کی فراہمی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔حکومت عوام کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے متعدد منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔حکومت نے عوام کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے موثر پالیسی مرتب کی ہے اور عوام کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے وضع کردہ پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے تمام تر صلاحیتیں اور ممکنہ وسائل صرف کر رہی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آبی وسائل کا درست اور احتیاط کیساتھ استعمال وقت کی ضرورت ہے اورکم ہوتے ہوئے آبی وسائل کی قدر کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

متعلقہ عنوان :