پاکستان ادارہ جاتی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا، جوڈیشل مارشل لاء کا مشورہ آئین ، جمہوریت اور عدلیہ کے وقار پر حملہ ہے،سعد رفیق

شیخ رشید عدالت سے نا اہل ہوئے تو دکھ ہوگا، سیاستدانوںکو عوامی عدالت سے اہل یا نا اہل ہونا چاہئے، وزیر ریلوے

بدھ 21 مارچ 2018 21:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2018ء) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ادارہ جاتی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا، جوڈیشل مارشل لاء کا مشورہ آئین ، جمہوریت اور عدلیہ کے وقار پر حملہ ہے، شیخ رشید عدالت سے نا اہل ہوئے تو دکھ ہوگا، سیاستدانوںکو عوامی عدالت سے اہل یا نا اہل ہونا چاہئے۔ بدھ کو عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ جوڈیشل مارشل لاء کا مشورہ آئین ، جمہوریت اور عدلیہ کے وقار پر حملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ادارہ جاتی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ایک دوسرے کو بچھاڑنے کے چکر میں انتشار ، افراتفری اور فساد کو ہوا دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کو ہدف بنانے کا کھیل سب دیکھ اور سمجھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گروہی مفادات کے تحفظ کی جنگ ملک کو دلدل میں دھنسا سکتی ہے۔ سعد رفیق نے کہا کہ ہر دور میں احتساب کے نام پر بلیک میلنگ اور انتقام ہماری بدقسمتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید عدالت سے نا اہل ہوئے تو دکھ ہوگا۔ سیاستدانوں کو عوامی عدالت سے اہل یا نا اہل ہونا چاہئے۔ سعد رفیق نے کہا کہ جہانگیر ترین کی نا اہلی پر دکھ ہوا۔ سید یوسف رضا گیلانی کی نا اہلی پر بھی میرا موقف یہی تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم چار مارشل لاء اور سول مارشل لاء بھی بھگت چکے ہیں۔ پاکستان برطانیہ یا امریکہ نہیں ہے وہاں کے حوالے یہاں دینا حماقت ہے۔